ولی عہد کی اہلیہ کی سرپرستی میں روایتی ملبوسات کتاب کا اجرا
منگل 24 اکتوبر 2023 14:38
’روایتی ملبوسات کا تعلق سعودی عرب کے وسطی علاقے کی ثقافت سے ہے‘ ( فوٹو: واس)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اہلیہ شہزادی سارہ بنت مشہور بن عبد العزیز کی سرپرستی میں کنگ عبد العزیز عجائب نے سعودی روایتی ملبوسات پر مشتمل دستاویزی کتاب کا اجرا کیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق کتاب کی تقریب رونمائی میں متعدد شہزادیوں کے علاوہ تاریخ، تہذیب اور ثقافت سے وابستہ متعدد خواتین نے شرکت کی ہے۔

کنگ عبد العزیز عجائب گھر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سعودی روایتی ملبوسات کتاب کا تعلق سعودی عرب کے وسطی علاقے کی خاص تہذیب و ثقافت اور روایات سے ہے‘۔

’کتاب نہ صرف روایتی ملبوسات کی تصاویر پر مشتمل ہی نہیں بلکہ یہ ایک طرح سے تاریخی دریچہ ہے جس کے ذریعہ ہم وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کو دیکھ سکتے ہیں‘۔

’سعودی روایتی ملبوسات کو جدید انداز میں کتابی شکل میں شائع کرنا اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے‘۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’کتاب کے ذریعہ ہم سعودی عرب کے وسطی علاقے کی ثقافت سے تعارف حاصل کریں گے‘۔

’کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر لیلی بنت صالح البسام ہیں جو سعودی رویتی فیشن کی ماہر ہونے کے ساتھ روایتی ثقافت پر بھی گہری نظر رکھتی ہیں‘۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سعودی روایتی ملبوسات کی یہ کتاب سلسلے کی پہلی کڑی ہے جس کے بعد مزید کتابیں بھی شائع کی جائیں گی جن میں سعودی عرب کے مشرقی، شمالی، جنوبی اور مغربی علاقوں کی ثقافت اور ملبوسات کو اجاگر کیا جائے گا‘۔

’کتاب میں مردانہ اور زنانہ ملبوسات، کڑھائی کا فن اور اس کے خوبصورت پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے‘۔