Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: ’باس کے خرچ پر‘ 1200 ملازمین کا اہل خانہ سمیت ڈزنی لینڈ کا تفریحی دورہ

بلوم برگ کے انڈیکس کے مطابق کینتھ گریفن کی دولت کی تخمینہ مالیت 35 کھرب ڈالر ہے (فوٹو: سائٹیڈل)
امریکی کھرب پتی اور سرمایہ کار کینتھ سی گریفن نے ذاتی خرچ پر کمپنی کے 1200 ملازمین کو ان کے خاندانوں کے سمیت ٹوکیو کے ڈزنی لینڈ میں گھومنے کے لیے بھیجا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق کینتھ گریفن نے اپنے ملازمین کو کمپنی کی سالگرہ کے موقعے پر تین دن کے دورے پر بھیجا۔
کینتھ سی گریفن سرمایہ کاری کی کمپنی ہیج فنڈ اور سائٹیڈل سکیورٹیز کے مالک اور سی ای او ہیں۔
27 سے 29 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹرپ میں کینتھ گریفن کی کمپنی کے ایشیا، ہانک کانگ، سنگاپور، سڈنی، شنگھائی، ٹوکیو اور گُروگرام میں واقعے دفاتر کے ملازمین اپنے اہل خانہ سمیت شریک رہے۔
اس تفریحی دورے کے دوران کمپنی کے ملازمین نے بیوی اور بچوں سمیت ٹوکیو ڈزنی لینڈ اور ڈزنی سی دونوں کی سیر کی۔
اس موقعے پر میرون فائیو نامی بینڈ اور سکاٹ لینڈ کے معروف ڈی جے کیلون حارث نے پرفارم کیا۔
ٹرپ میں ہوٹلز، کھانے، ڈزنی لینڈ کے ٹکٹوں، تفریحی سرگرمیوں اور بچوں کی دیکھ بھال کے اخراجات کمپنی کے سی ای او نے اپنی جیب سے ادا کیے۔
اس منفرد سیاحت پر جانے والے ملازمین کو خصوصی پاس بھی فراہم کیے گئے تاکہ تفریح کے دوران انہیں کہیں بھی قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار نہ کرنا پڑے۔

اس موقعے پر میرون فائیو نامی بینڈ اور سکاٹ لینڈ کے معروف ڈی جے کیلون حارث نے پرفارم کیا (فوٹو: سکرین گریب)

میوزیکل بینڈ میرون فائیو کی پرفارمنس سے قبل کینتھ گریفن نے کہا کہ ’آج ہم نے جس تعداد میں ذہین افراد کو ایک جگہ جمع کیا ہے، یہ حیران کن ہے۔ ہم نے انڈسٹری میں ایک نہیں بلکہ دو فرمیں قائم کی ہیں۔ ہم نے مل کر معیشت کے مستقل کا خواب دیکھا ہے اور اسے تعمیر کیا ہے۔‘
گذشتہ برس دسمبر میں کینتھ گریفن نے اپنے امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں موجود سٹاف کے لیے بھی اسی قسم کے تفریحی دورے کا اہتمام کیا تھا۔
انہوں نے اس وقت پورا ڈرنی ورلڈ اپنے ملازمین کے لیے بُک کروایا تھا۔ اس ٹرپ میں کارلے رائے جیپسن اور ڈی جے ڈِپلُو کے ساتھ بینڈ ’کولڈ پلے‘ نے پرفارم کیا تھا۔
کینتھ گریفن کی کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان تین دنوں میں ڈزنی ورلڈ کے مختلف پارکوں میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو گھلنے ملنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ مسٹر گریفن کی جانب سے سال بھر محنت کر کے شاندار نتائج دینے والے اپنی کمپنی کے ملازمین کا شکریہ ادا کرنے کا ایک انداز تھا۔‘

ٹرپ کے دوران کمپنی کے ملازمین نے بیوی اور بچوں سمیت ٹوکیو ڈزنی لینڈ اور ڈزنی سی دونوں کی سیر کی (فوٹو: سکرین گریب)

بلوم برگ کے انڈیکس کے مطابق کینتھ گریفن کی دولت کی تخمینہ مالیت 35 اعشاریہ چار کھرب ڈالر ہے۔
گزشتہ تین برسوں میں ان کی سائٹیڈل اور سائیٹیڈل سکیورٹیز نامی کمپنیوں نے ان کے مالی اثاثوں میں دگنا اضافہ کیا ہے اور اب انہوں نے ایشیا میں مزید 400 ملازمین بھرتی کیے ہیں۔

شیئر: