’مجھے زندہ دفنانے کا وقت،‘ یوٹیوبر تابوت کے اندر منوں مٹی تلے جا سویا
’مجھے زندہ دفنانے کا وقت،‘ یوٹیوبر تابوت کے اندر منوں مٹی تلے جا سویا
منگل 21 نومبر 2023 15:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’فوربز‘ کے مطابق ’مسٹر بیسٹ‘ دنیا کے امیر ترین یوٹیوبر ہیں۔ (فائل فوٹو: کوورٹ کری ایٹو)
دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر ’مسٹر بیسٹ‘ اپنی ایک نئی ویڈیو میں ایک عجیب و غریب کرتب دکھاتے اس وقت نظر آئے جب انہیں ایک بڑے سے تابوت میں بند کرکے زمین میں دفنا دیا گیا۔
امریکی یوٹیوبر ’مسٹر بیسٹ‘ کا اصلی نام جمی ڈونلڈسن ہے اور اُن کا شمار دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے جن کے ایک یوٹیوب چینل پر سبسکرائبرز کی تعداد 21 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔
’مسٹر بیسٹ نے تقریباً ایک ہفتہ تابوت کے اندر بند اور زمین کی تہہ میں گزارا۔ اُن کا تابوت تمام سہولیات سے آراستہ تھا جس میں تیار کھانا اور پانی بھی موجود تھا۔
اس کے علاوہ اس پورے عرصے کے دوران اُن کی ٹیم اُن کی قبر کے باہر موجود رہی اور انہیں تابوت میں لگے کیمروں کے ذریعے مانیٹر کرتی رہی اور واکی ٹاکی کی مدد سے ان کے ساتھ رابطے میں بھی رہی۔
اس ویڈیو میں ’مسٹر بیسٹ‘ یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ ’میں اپنی زندگی اگلے سات دنوں کے لیے تابوت کے حوالے کر رہا ہوں۔‘
امریکی یوٹیوبر نے زمین کی تہہ میں تابوت کے اندر رہنے کو ’ذہنی اذیت‘ قرار دیتے ہوئے اپنے فالوورز سے گزارش کی ہے کہ وہ ’اپنے گھر میں ایسا کرنے کی کوشش نہ کریں۔‘
ماضی میں 2021 میں بھی ’مسٹر بیسٹ‘ ایسا کرتب دکھا چکے ہیں جب انہوں نے تابوت کے اندر 50 گھنٹے گزارے تھے۔
’فوربز‘ کے مطابق ’مسٹر بیسٹ‘ دنیا کے امیر ترین یوٹیوبر ہیں جن کی 2021 میں سالانہ آمدنی پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھی۔