Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر محمد شامی نے کھائی میں گرنے والے شخص کی جان بچا لی

محمد شامی نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 24 وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے کار سمیت کھائی میں گرنے والے شخص کی جان بچا لی ہے۔
محمد شامی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ نینی تال میں ایک شخص اپنی کار سمیت کھائی میں جا گرا جسے انہوں نے ریسکیو کیا۔
انڈین سپرسٹار فاسٹ بولر اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’یہ شخص بہت خوش قسمت ہے جسے خدا نے دوسری زندگی دی ہے۔ اس کی کار نینی تال میں میری گاڑی کے سامنے کھائی میں جا گری۔ ہم نے اسے بالکل بحفاظت باہر نکال لیا۔‘
محمد شامی نے حادثے کا شکار ہونے والے شخص کی جان بچانے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’مجھے کسی کی جان بچا کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے شخص کو محمد شامی ابتدائی طبی امداد بھی دے رہے ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@mdshami.11)

اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
بھاویش جین نے انسٹاگرام پر اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’ایسا بہت ہی کم ہوا ہے کہ شامی کسی کی وکٹ بچا رہے ہیں۔‘
زیان نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میچ کے دوران بے رحم لیکن گراؤنڈ سے باہر رحم دل انسان، بالکل لیجنڈ۔‘
نیلیش وورا نے تبصرہ کیا کہ ’ایک ہی دل ہے شامی بھائی، کتنی بار جیتو گے۔‘
خیال رہے محمد شامی اکتوبر نومبر میں انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 24 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر قرار پائے تھے۔

شیئر: