Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں سعودی سفیر میری ٹائم آرگنائزیشن کی جنرل اسمبلی کے صدر منتخب

میری ٹائم آرگنائزیشن ( آئی ایم او) اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
برطانیہ میں سعودی سفیرشہزادہ خالد بن بندر کو میری ٹائم آرگنائزیشن( آئی ایم او) کی جنرل اسمبلی کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔
سعودی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا کہ ’ایک متفقہ فیصلے میں رکن ممالک نے سعودی سفیر کو میری ٹائم آرگنائزیشن کی جنرل اسمبلی کا صدر منتخب کیا ہے‘۔
قبل ازیں تنظیم کے 33 ویں سیشن کی سربراہی کے لیے برطانیہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر کا نام تجویز کیا گیا تھا۔ اجلاس 27 نومبر سے چھ دسمبر تک لندن میں جاری رہے گا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق اجلاس کی سربراہی کے لیے سعودی سفیر کے انتخاب کو بین الاقوامی جہاز رانی کی صنعت میں سعودی عرب کی حیثیت اور عالمی تنظیموں میں اس کے موثر کردار کا اعتراف قرار دیا جارہا ہے۔ 
شہزادہ خالد بن بندر نے سیشن سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ’ سعودی عرب آئی ایم او کے اہداف اور اقدامات کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں فخر ہے کہ سعودی عرب بین الاقوامی بحری شعبے کے فروغ اور افرادی قوت کی تشکیل میں قابل قدر کردار ادا کررہا ہے‘۔  
سعودی سفیر نے کہا ’مملکت نے مئی 2023 کے دوران خواتین کے پہلے ورکشاپ کی بھی میزبانی کی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب جہاز رانی کے شعبے میں خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کا اپنا عہد پورا کررہا ہے‘۔ 
میری ٹائم آرگنائزیشن ( آئی ایم او) اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ہے۔ اس کے ممبران کی تعداد 175 ہے۔
آئی ایم او جہاز رانی کے تحفظ اور سیکیورٹی، بحری جہازوں کے ذریعے سمندری اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کی ذمہ دار ہے۔

شیئر: