دنیا کے سستے ترین شہروں میں پاکستان کا کون سا شہر شامل؟
جمعرات 30 نومبر 2023 15:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ اور سنگاپور مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار پائے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دُنیا بھر میں ’دا اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ‘ کی جانب سے کروائے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شام کا دارالحکومت دمشق اور ایرانی دارالحکومت تہران دنیا کے سستے ترین شہر ہیں۔
اسی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر لیبیا کا شہر طرابلس اور چوتھے نمبر پر پاکستان کا شہر کراچی موجود ہے۔
’دا اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ‘ کی جانب سے دُنیا کے سستے اور مہنگے ترین شہروں کی یہ رینکنگ ہر برس جاری کی جاتی ہے۔
اس سروے میں دُنیا کے 173 شہروں میں فروخت ہونے والی تقریباً 200 اشیا کی قیمتوں کا تجزیہ کیا گیا ہے جن میں کھانے پینے کا سامان، کپڑے، پیٹرول اور یوٹیلٹی بِلز شامل ہیں۔
دُنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں میں اُزبکستان کا شہر تاشقند پانچویں، تیونس کا شہر تیونس چھٹے، زمبیا کا شہر لوساکا ساتویں اور انڈیا کا شہر احمدآباد آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ اور سنگاپور مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار پائے ہیں۔
رواں سال دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں نیویارک اور جنیوا کو مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ ہانگ کانگ تیسرے اور لندن چوتھے نمبر پر ہے۔
اسی فہرست میں لاس اینجلس کو بھی ہانگ کانگ کے ساتھ چوتھے، پیرس کو پانچویں، تل ابیب اور کوپن ہیگن کو مشترکہ طور پر چھٹے اور سان فرانسسکو کو ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
’دا اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ دنیا بھر میں پچھلے سال کے مقابلے میں مہنگائی میں 7.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔