Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کے ساتھ تاریخی تعلقات، سٹریٹیجک شراکت داری، سعودی کابینہ کا اجلاس

کابینہ کا اجلاس شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت ریاض میں ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔
 کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےم طابق شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس کے آغاز میں ارکین کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا جس میں دونوں ملکوں کے مابین 9 دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط  تاریخی تعلقات کے حوالے سے سٹریٹیجک شراکت داری پر زوردیا گیا۔
 دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مشترکہ مفادات کے حصول کےلیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے،علاقائی و بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کابینہ نے ولی عہد کے دورہ امریکہ کے دوران دونوں ملکوں کے دفاعی سٹریٹیجک معاہدے کی بھی تعریف کی جس پر ولی عہد اور امریکی صدر نے دستخط کیے۔

ولی عہد کے دورہ امریکہ میں سعودی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کےلیے طریقہ کار کو آسان بنانے کےلیے سٹریٹجک فریم ورک، مالیاتی اور اقتصادی شراکت داری کے انتظامات، مالیاتی شعبے میں تعاون سے متعلق انتظامات اور تعلیم وتربیت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
 وزیر مملکت اور قائمقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد نے کابینہ اجلاس کے حوالے سے سعودی خبررساں ایجنسی کو بتایا اجلاس نے سربراہی اجلاس اور ولی عہد کی ملاقاتوں میں فریقین کی جانب سے خطے میں امن و سلامتی کے حصول کی اہمیت پر زوردیا گیا۔
غزہ جنگ کو روکنے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے دو ریاستی حل تک پہنچنے کےلیے اہم قرار دیا گیا تاکہ فلسطینی عوام اپنے جائز حقوق حاصل کرسکیں۔
 کابینہ نے سوڈان جنگ کو روکنے کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے ردعمل کو سراہا جس کی توجہ ولی عہد نے دلائی تھی تاکہ مسئلہ کا پرامن حل تلاش کرتے ہوئے سوڈانی عوام کو مشکلات سے نکالا جاسکے۔
اجلاس نے فلسطین کے لیے ڈونر گروپ کے اجلاس کے حوالے سے مملکت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام شرکا کے ساتھ مل کر 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں پرکام جاری رکھے گا۔
 غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کی  ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ غزہ کی تعمیر نو کا آغاز کیا جاسکے۔
کابینہ نے جنوبی افریقہ میں ہونے والی جی 20 سربراہی اجلاس کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے عالمی تجارتی تنظیم میں اصلاحات اور منصفانہ و شفاف کثیر الجہتی تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں مملکت کی میزبانی میں گزشتہ دنوں ہونے والے عالمی سطح کے پروگراموں پر بھی بات کی گئی۔ ’انٹرنشینل سٹی سکیپ 2025‘ کے کامیاب انعقاد کی تعریف کی جس میں پراپرٹی کے شعبے میں 237 ارب ریال کے معاہدے ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کابینہ نے 173 ممالک کے اشتراک سے ریاض میں ہونے والی گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسٹریلائزیشن سمٹ کے 21 ویں سیشن کی کامیابی کا جائزہ لیا۔ مملکت کو اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنطیم کی جنرل کانفرنس کے صدر کے طور پر منتخب کیے جانے کو سراہا۔
 کابینہ نے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نکات پر بحث کی جن میں شوری کونسل کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات اور تجاویز شامل تھیں۔ مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

شیئر: