Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گُڑ بہتر ہے یا چینی، غذائی ماہرین کیا کہتے ہیں؟

گڑ میں آئرن، کیلشیم، پوٹاشیم اور میگنیشیم پایا جاتا ہے (فوٹو: پیکسلز)
گڑ اور چینی کے درمیان بحث کبھی ختم نہیں ہوتی۔ لیکن ایک بات واضح ہے کہ پراسیس شدہ چینی صحت کو بہت نقصان پہنچاتی ہے اور یہ بالکل بھی فائدہ مند نہیں۔
موجودہ دور میں بیٹھے رہنے کی عادت، آلودگی اور صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث ہمیں اپنی صحت کے لیے بہتر انتخاب کرنے کی ضرورت ہے، کم از کم وہاں جہاں ہمارے پاس اختیار موجود ہے۔
لیکن آپ چینی اور گڑ میں سے کس کو منتخب کریں گے؟ پراسیس شدہ چینی کو چھوڑنے اور گڑ کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کی صحت کے لیے کیا زیادہ فائدہ مند ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ماہر غذائیت دیویا کور نے ان دونوں کا موازنہ شیئر کیا۔
گڑ چینی سے کیسے بہتر ہے؟
چینی خالص کارب ہے۔ اگرچہ کیلوریز کے لحاظ سے چینی (387 کلو کیلوری) اور گڑ (382 کلو کیلوری) میں زیادہ فرق نہیں، لیکن پراسیس شدہ چینی خالص کاربوہائیڈریٹ ہے جس میں غذائیت نہیں۔
دوسری طرف گڑ میں آئرن، کیلشیم، پوٹاشیم اور میگنیشیم پایا جاتا ہے۔ نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق گڑ زنک، کاپر، فاسفورس اور وٹامنز سے بھی بھرپور ہے۔ حتیٰ کہ یہ گٹھیا جیسی بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
چینی خون میں گلوکوز کی سطح کو اچانک بڑھا دیتی ہے، جبکہ گڑ آہستہ آہستہ توانائی خارج کرتا ہے اور آپ کو زیادہ دیر تک متحرک رکھتا ہے۔ اسی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ گڑ میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے اور جسم میں الیکٹرولائٹس کو متوازن رکھتا ہے۔

گڑ نظامِ ہاضمہ کو صاف کرتا ہے، فائبر فراہم کرتا ہے اور جسم کو ڈیٹاکس کرتا ہے (فوٹو: پکسابے)

چینی میں ہاضمے کے لیے کوئی خاص فائدہ نہیں اور اس میں فائبر بھی نہیں ہوتا۔ تاہم گڑ میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں اور یہ ہاضمے میں معمولی حد تک مدد کرتا ہے۔ تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ اگر آپ بھنے ہوئے چنے اور گڑ کو ملا کر کھائیں تو یہ امتزاج پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے، نظامِ ہاضمہ کو صاف کرتا ہے، فائبر فراہم کرتا ہے اور جسم کو ڈیٹاکس کرتا ہے۔
اگلی بار جب آپ بیکنگ کریں یا کوئی مشروب تیار کریں تو چینی کے بجائے گڑ کا انتخاب کریں۔ یہ ذائقے کو خراب نہیں کرے گا، بلکہ آپ کی ڈیزرٹس کو قدرے صحت مند بنا دے گا۔

 

شیئر: