سردیوں میں خشک جلد سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
اتوار 23 نومبر 2025 19:35
سردیاں کھانے پینے اور سفر کا لطف اٹھانے کے بہترین موسموں میں سے ایک ہیں، تاہم سخت موسم جلد کو خشک اور بے جان کر سکتا ہے۔ اکثر لوگوں کو بار بار ایسے پروڈکٹس استعمال کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے جو جلد کو صحت مند اور نمی سے بھرپور رکھیں۔
مارکیٹ میں متعدد برانڈز کی موجودگی میں، یہ طے کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ آپ کی جلد کے لیے کیا بہتر ہے۔
ہندوستان ٹائمز میں چھپنے والی ایک رپورٹ میں یہاں کچھ آسان ٹپس دیے گئے ہیں جو اس موسمِ سرما میں جلد کو چمکدار اور آرام دہ رکھنے میں مدد دیں گی۔
صفائی اور نمی
سردیوں میں جلد کی صفائی ایسے طریقے سے کرنی چاہیے کہ جلد کے قدرتی تیل ضائع نہ ہوں۔ عام فیس واش یا ڈرماٹولوجسٹ کی تجویز کردہ کلینزرز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ کلینزرز میں موجود اجزا چہرے سے میل، مردہ خلیات اور میک اپ صاف کرتے ہیں اور جلد کو ہائیڈریٹ رکھتے ہیں۔
موئسچرائز اور غذائیت
ایسا موئسچرائزر استعمال کریں جو جلد کی حفاظتی تہہ کی مرمت کرے۔ ایسے موئسچرائزر چننا چاہیے جس میں ceramides، peptides اور humectants جیسی اجزاء شامل ہو، کیونکہ یہ جلد کے خلیات کی مرمت کرتے ہیں۔ یہ اجزا نمی کو بند رکھ کر جلد کو نرم اور غذا سے بھرپور بناتے ہیں۔
پانی پر مبنی سیرم لگائیں
سردیوں میں جلد کی قدرتی تجدید کا عمل سست ہو جاتا ہے۔ لہٰذا موئسچرائزر کے بعد سیرم لگانا جلد کو نرم و ہموار کرنے میں مدد دیتا ہے اور جلن پیدا نہیں کرتا۔ سیرمز کولیجن بڑھاتے ہیں، باریک لکیریں کم کرتے ہیں اور جلد کو روشن بناتے ہیں۔
ایکسفولیئٹ کریں
سردیوں میں مردہ جلد جلدی جمع ہو جاتی ہے۔ ہلکے ہاتھ سے ایکسفولیئشن (جلد کی مردہ تہہ کو صاف کرنا) کرنا ضروری ہے، جو مردہ اور خشک پیچز کو ختم کرتا ہے۔ ایکسفولیئشن جلد کو چمک بخشتا ہے اور چہرہ تازہ اور پرُاعتماد نظر آتا ہے۔
سن سکرین لگائیں
اگرچہ سردیوں میں سورج کی تیزی کم ہو جاتی ہے، مگر الٹرا والٹ شعاعیں پھر بھی جلد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ باہر نکلتے وقت سن سکرین ضرور لگائیں۔ خیال رکھیں کہ کریم سفید تہہ نہ چھوڑے اور چپچپی محسوس نہ ہو۔ سن سکرین جلد کی حفاظتی تہہ کو مضبوط کرتا ہے اور توازن برقرار رکھتا ہے۔
