Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں خاتون نے مرد کا منہ نوچ لیا، قید و جرمانے کی سزا

متاثرہ شخص نے بیان کی تصدیق کےلیے میڈیکل رپورٹ جمع کرائی (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں الفجیرہ کی وفاقی عدالت نے خاتون کو ایک شخص پر حملے کا مجرم قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور تین ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق متاثرہ شخص نے شکایت درج کرائی کہ ’رہائشی عمارت میں جہاں وہ قیام پذیر تھا داخل ہو رہا تھا کہ اچانک ایک خاتون نے حملہ کر دیا اور بدکلامی کی۔‘
’جب میں نے پولیس سے شکایت کے لیے کہا تو خاتون نے طیش میں آکر میرے چہرے کو ناخنوں سے نوچا جس کے باعث 20 دن تک ڈیوٹی پر نہیں جاسکا۔‘
متاثرہ شخص نے پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی جس پر پولیس نے خاتون کو طلب کر کے ان کا بیان ریکارڈ کیا۔ 
خاتون نے پولیس کے سامنے اقبال جرم کر لیا۔ ان کا کیس پبلک پراسیکیوشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
بعد ازاں خاتون پبلک پراسیکیوشن کے سامنے پولیس سٹیشن میں دیے گئے اپنے بیان سے مکر گئیں اور موقف اختیار کیا کہ مجھ پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جس پر اپنا دفاع کیا۔ 
متاثرہ شخص نے بیان کی تصدیق کے لیے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کرائی۔
 عدالت نے جرم ثابت ہونے پر خاتون کو دو ماہ قید اور تین ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی۔ اپیل کورٹ نے دو ماہ کی قید میں کمی کر کے ایک ماہ کر دی تاہم جرمانہ برقرار رکھا۔

شیئر: