’آسان سوال کیجیے،‘ کون بنے گا کروڑ پتی میں سُہانا خان کی امیتابھ بچن سے درخواست
بدھ 6 دسمبر 2023 20:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
یہ فلم نیٹ فلکس پر 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔ (فائل فوٹو: نیٹ فلکس)
شاہ رُخ خان کی صاحبزادی سُہانا خان کی فلم ’دا آرچیز‘ 7 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور وہ اس فلم کی پروموشن کے لیے امیتابھ بچن کے مشہور زمانہ ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق سُہانا خان اور امیتابھ بچن کے اس شو کی ریکارڈنگ بھی ہوچکی ہے اور اس کے دوران دونوں میں دلچسپ مکالمہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
پروگرام کے دوران امیتابھ بچن نے سُہانا خان سے پوچھا کہ ان کے والد شاہ رخ خان نے اُن (امیتابھ) کے بارے میں بچوں کو کیا بتایا ہے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سُہانا خان نے کہا کہ ’میں آپ کو یاد دِلانا چاہتی ہوں کہ آپ (امیتابھ) نے کئی فلموں میں اُن (شاہ رخ) کے والد کا کردار نبھایا ہے، اسی لیے مجھ سے آسان سوال کریں۔‘
زویا اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دا آرچیز‘ میں امیتابھ بچن کے نواسے آگستیا نندا بھی نظر آئیں گے اور یہ فلم نیٹ فلکس پر 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔
منگل کو فلم کے پریمیئر میں سُہانا خان نے اپنے والد شاہ رخ خان، والدہ گوری خان اور بھائیوں آبرام خان اور آریان خان کے ساتھ شرکت کی تھی جبکہ امیتھابھ بچن، جیا بچن، ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن اس تقریب میں آگستیا نندا کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے نظر آئے تھے۔