Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو‘، پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود الیکشن سے دستبردار

سنہ 1950 میں پیدا ہونے والے شفقت محمود سیاست میں آنے سے پہلے بیوروکریٹ تھے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے فروری 2024 میں منعقد ہونے والے اگلے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو ٹویٹ میں شفقت محمود نے کہا کہ انہوں نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 130 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ 170 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے تھے ’تاہم اب الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اب وہ کسی نشست سے امیدوار نہیں۔ انہوں نے سب کے لیے دعا کی اور کہا کہ ’اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔‘
شفقت محمود نے سال 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد وہ عمران خان کی حکومت میں وفاقی وزیر تعلیم رہنے کے علاوہ پی ٹی آئی کے مختلف تنظیمی عہدوں پر بھی رہ چکے ہیں۔
اپریل 2022 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو اس وقت وہ پارٹی کے صوبہ پنجاب کے صدر تھے۔
تاہم مارچ کے لیے لاہور سے بہت کم تعداد میں لوگ نکلے جس کا ذمہ دار شفقت محمود کو ٹھہرایا گیا اور یہ اطلاعات بھی موصول ہوئیں کہ جب پولیس لاہور کی سڑکوں پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کر رہی تھی اس وقت شفقت محمود گھر میں سو رہے تھے۔
پی ٹی آئی کے 25 مئی 2022 کے اس لانگ مارچ کے کچھ دن بعد شفقت محمود نے خرابی صحت کی بنا پر پارٹی کی صوبائی صدارت سے استعفٰی دے دیا تھا۔
9 مئی کے واقعات کے بعد شفقت محمود کا شمار پی ٹی آئی کے ایسے سیاستدانوں میں ہوتا رہا ہے جنہوں نے کوئی واضح موقف اختیار کرنے کی بجائے زیادہ تر وقت خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

شفقت محمود کو عمران خان کے قریبی شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا۔ فائل فوٹو: اے پی پی

سنہ 1950 میں پیدا ہونے والے شفقت محمود سیاست میں آنے سے پہلے بیوروکریٹ تھے جنہوں نے 1990 میں سرکاری نوکری چھوڑ کر سیاست کا آغاز کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔
وہ 1996 سے سال 2000 تک سینیٹ کے رکن اور ملک معراج خالد کی نگران کابینہ جبکہ جنرل مشرف کی حکومت کا بھی حصہ رہے۔
شفقت محمود کو تحریک انصاف کے ان سیاستدانوں میں شمار کیا جاتا ہے جو کارکنوں کے کم اور عمران خان کے زیادہ قریب تھے۔

شیئر: