ایران کے ساتھ کشیدگی، سٹاک مارکیٹ میں منفی رحجان
جمعرات 18 جنوری 2024 10:51
زین علی -اردو نیوز، کراچی
مارکیٹ پہلے سیشن میں 12 بجے 63 ہزار 196 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتی رہی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور پڑوسی ملک کے درمیان کشیدگی کے اثرات اسٹاک مارکیٹ میں نظر آنے لگے، پی ایس ایکس 100 انڈیکس 365 پوائنٹس کمی کے ساتھ 63 ہزار 202 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ ایک موقع پر ایک ہزار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 63 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آئی۔
مارکیٹ پہلے سیشن میں 12 بجے 63 ہزار 196 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتی رہی۔
معاشی اُمور کے ماہر عبدالعظیم نے اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے مارکیٹ پر منفی اثرات رپورٹ کیے گئے۔
جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ مائنس رپورٹ ہوئی اور ٹریدنگ کے دوران سرمایہ کار محتاط نظر آئے۔ کاروبار کے ابتدائی اوقات میں مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی تاہم کاروبار کے اختتام سے قبل مارکیٹ نے کم بیک کیا اور کاروبار کے اختتام پر 364 پوائنٹس کی کمی رپورٹ ہوئی۔
ایکس چینج کمپنیز آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق ’پاکستان اور دوست ملک کے درمیان موجودہ صورتحال کا منفی اثر مارکیٹ میں دیکھا جا رہا ہے۔‘