Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب نیوز میں ڈپٹی ایڈیٹر انچیف کےعہدے پر ترقی پانے والی نور نُقلی

صحافتی کیرئیر میں انہوں نے قابل ذکر عالمی شخصیات کے انٹرویوز کئے۔ فوٹو عرب نیوز
نور بنت اسامہ نُقلی 17 جنوری 2024 کو عرب نیوز کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل ستمبر 2020 سے اسسٹنٹ ایڈیٹر انچیف کے عہدے پر تعینات تھیں۔
عرب نیوز میں اپنے سابق ​​عہدے پر ہوتے پوئے انہوں نے کامیابی کے ساتھ ایوارڈ یافتہ کوریج کے انتظام کے علاوہ سعودی و غیرملکی حکام اور متعدد انتہائی اہم شخصیات کے انٹرویوز کیے۔

جولائی 2020 میں فرانس ایڈیشن کی لانچنگ ٹیم کا حصہ رہیں۔ فوٹو عرب نیوز

بہت سی اہم ذمہ داریوں میں نور نُقلی 2018 سے ولی عہد محمد بن سلمان کے علاقائی اور بین الاقوامی دوروں کی ادارتی کوریج میں شریک رہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کی G20 پریذیڈنسی اور عرب نیوز کی 2022 کی ادارتی مہم کی کوریج کے علاوہ ریاض سٹی میں ایکسپو 2030  کی کامیاب مہم کی کوریج میں بھی حصہ لیا۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی سیریز ’درعیہ: ماضی، حال اور مستقبل‘ کے پروجیکٹ پر بھی کام کیا۔
نور نُقلی عرب نیوز کے جولائی 2020 میں ڈیجیٹل فرانسیسی ایڈیشن ’این فرانکیس‘ کی لانچنگ ٹیم کا حصہ رہیں جو کامیابی سے جاری ہے۔

 بین الاقوامی کانفرنسز اور فورمز پر تبصرہ نگار کے طور پر حصہ لیتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

نور نُقلی بین الاقوامی اور علاقائی کانفرنسوں اور فورمز کے علاوہ مختلف عالمی نیوز چینلز پر تبصرہ نگار کے طور پر باقاعدگی سے حصہ لیتی ہیں۔
صحافتی کیرئیر میں انہوں نے جن قابل ذکر شخصیات کے انٹرویوز کیے ان میں صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور و موسمیاتی ایلچی عادل الجبیر، امریکی موسمیاتی امور کے خصوصی ایلچی جان کیری، یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا، اطالوی نائب وزیراعظم انتونیو تاجانی اور مصر کی بین الاقوامی تعاون کی وزیر رانیا المشات شامل تھے۔

سعودی وزارت خارجہ میں تین سال خدمات انجام دیتی رہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ڈپٹی ایڈیٹر کے طور پر اپنے نئے عہدے پر تعیناتی کے بعد نور نُقلی عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل جے عباس کو رپورٹ کریں گی اور اخبار کے مختلف شعبوں، ایڈیشنز اور بیورو میں ادارتی اور انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔
نور نُقلی نے اکتوبر2017 میں ایک سینیئر رپورٹر کے طور پر اخبار جوائن کیا۔ اس سے پہلے وہ سعودی وزارت خارجہ میں تین سال تک خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
قبل ازیں انگریزی روزنامہ ’سعودی گزٹ‘ اور متحدہ عرب امارات کے انگریزی روزنامہ ’دی نیشنل‘ کے لیے رپورٹر اور فری لانس فیچر رائٹر بھی رہ چکی ہیں۔

شیئر: