Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پر عرب لیگ کا غیر معمولی اجلاس طلب

مستقل مندوبین کی سطح پر ہونے والے اجلاس کی سربراہی مراکش کرے گا (فوٹو: سبق)
فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پرعرب لیگ کا غیر معمولی اجلاس اتوار کو بلایا گیا ہے۔ مستقل مندوبین کی سطح پر ہونے والے اجلاس کی سربراہی مراکش کرے گا۔
سبق نیوز کے مطاب عرب لیگ میں فلسطین کے مستقل نمائندے مھند العکلوک نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطین کی درخواست پر مراکش نے عرب لیگ کے موجودہ صدر کی حیثیت سے اجلاس بلایا ہے اردن، مصر اور لیگ کے رکن ممالک نے اس کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’ یہ غیر معمولی اجلاس عالمی عدالت انصاف سے غزہ کی صورتحال پر جاری کردہ ابتدائی فیصلے پر متفقہ موقف اختیار کرنے کے لیے بلایا گیا ہے
یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعے کو جنوبی افریقہ کی اسرائیل کے خلاف درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے جنگ زدہ غزہ کے شہریوں کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا کہا ہے تاہم عدالت نے جنگ بندی کا حکم نہیں دیا۔
 عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے نسل کشی کے الزامات پر جنوبی افریقہ کی درخواست پر ابتدائی فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے کنونشن کے تحت مقدمے کی سماعت کا اختیار ہے۔ 
عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے کے کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے اسرائیل سے کہا کہ وہ اپنی فوج کے نسل کشی والے اقدامات کی تحقیقات کرے۔اسرائیل فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے راستے کھولے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ’اسرائیل عالمی عدالت کے دیے گئے احکامات پر عمل کر کے رپورٹ جمع کرائے۔‘
سعودی عرب،جی سی سی، اوآئی سی اور رابطہ عالم اسلامی نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے ابتدائی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کا مقصد غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے کسی بھی عمل اور بیانات کو روکنا ہے۔

شیئر: