Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین سمیت ملک بھر میں نماز استسقا پڑھی گئی

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر آج جمعرات کو حرمین شریفین سمیت ملک بھر کی مساجد میں نماز استسقا پڑھی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت دیگر مساجد میں باران رحمت کے نزول کے لیے دعائیں کی گئیں اور خطبہ دیا گیا۔
باران رحمت کے لیے ادا کی جانے والی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں کعبۃ اللہ کے پہلو میں امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے امامت کراوئی اور بعد ازاں خطبہ دیا۔ 
نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز اور گورنریٹ کے اعلی عہدیدار نمازشریک تھے۔
امام و خطیب مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے  نمازیوں کو اللہ کا تقوی اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تقوی اختیار کرنے سے دعائیں قبول ہوتی ہیں اور مشکلات دور ہوتی ہیں‘۔
’تقوی سے ہی بلائیں ٹل جاتی ہیں اور بند دروازے کھل جاتے ہیں، اسی سے رزق کے دروازے کھلتے ہیں اور برکتوں کا نزول ہوتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ بارش کے نزول میں تاخیر، آفات، بلائیں اور مصیبتیں امتحان اور آزمائشیں ہیں‘۔
’جبکہ لوگوں کو ابتلا اور آزمائش اور تنگی و مصیبت میں ڈالنے کی وجہ بجز اس کے اور کیا ہے کہ وہ اسلامی شریعت کے نفاذ سے اور قرآن و سنت کی ہدایت سے  دور ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’صلاۃ الاستسقا کی ادائیگی اور باران رحمت کے نزول کے لیے اللہ سے سوال کرنا سنت رسولﷺ ہے‘۔
شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’بلائیں توبہ اور دعا سے ٹل جاتی ہیں۔ نافرمانی کا علاج توبہ ہے اور قحط سالی کا علاج استغفار ہے‘۔
انہوں نے مسلمانوں کو کثرت سے صبح و شام دعا کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دعاکو اپنا شعار اور مستقل عمل بنائیں‘۔
دوسری طرف نماز استسقا کا دوسرا بڑا اجتماع مسجد نبوی میں ہوا جہاں شیخ احمد أبو طالب نے امامت کروائی اور خطبہ دیا۔ 
مدینہ منورہ  کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان اورگورنریٹ کے اعلی عہدیداروں سمیت مشائخ اور سربرآوردہ علما بھی شریک تھے۔
نماز کے بعد امام و خطیب مسجد نبوی شیخ احمد أبو طالب نے خطبہ دیتے ہوئے نمازیوں کو تقوی کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ اللہ کی رحمت ہے کہ اس نے رسول اکرمﷺ کو رحمت بنا کر مبعوث کیا ہے جنہوں نے لوگوں کو بتایا ہے کہ وہ کس طرح سے اللہ کی مدد اور باران رحمت کا سوال کریں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’نبی رحمتﷺ نے ہمیں سکھایا ہے کہ رحم کرنے والوں پر آسمان والا رحم کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’استغفار کی کثرت اللہ کی رحمت کا سبب ہے لہذا کثرت سے استغفار کرنا چاہئے‘۔
اسی طرح نمازاستسقا ریاض، جدہ، جازان، عرعر، دمام اور الخبر کے علاوہ تمام شہروں میں بھی ادا کی گئی۔

شیئر: