Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں بلاول بھٹو کی واضح برتری تھی، نتیجہ اچانک تبدیل ہوا: شیری رحمان

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ لاہور کے جس حلقے سے بلاول بھٹو الیکشن لڑ رہے تھے، اس کا رزلٹ اچانک تبدیل ہوا۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ایپ بند ہوئی تو فوراً الیکشن کمیشن پہنچے، تاہم اندر نہیں جانے دیا گیا۔
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 87 نتائج کے بعد صبح چھ بجے ہمارے چیف پولنگ ایجنٹ کو کمرے سے نکال دیا گیا۔
ان کا کہان تھا کہ ’ہمیں رزلٹ دیا گیا اور کہا گیا، کر لو جو کرنا ہے۔‘
شیری رحمان کے مطابق ’بلاول بھٹو کی لیڈ کلیئر تھی اور ہر چینل پر اس کے بارے میں خبر بھی چل چکی تھی۔‘
رہنما پی پی نے کہا کہ ’ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ الیکشن میں تاخیر کا مطلب کیا ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ہمارے جمہوری حق سے محروم کیا گیا۔‘
شیری رحمان نے موبائل سروس کی بندش کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’صبح سے ہی سروس بند کر دی گئی، مجھے تو سکیورٹی کی خراب صورت حال دکھائی نہیں دی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے لاہور میں اپنی انتخابی مہم بہت بہترین انداز میں چلائی جس کو ان کے مخالفین نے بھی تسلیم کیا۔
شیری رحمان نے پنجاب کے تمام نتائج کو ’متنازع‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کسی کی جاگیر نہیں ہے۔

شیئر: