مملکت میں سرد موسم کب تک جاری رہے گا: محکمہ موسمیات
موسمیاتی مرکز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال مملکت میں کسی علاقے میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب میں موسم سرما ایک ماہ تک مزید جاری رہے گا۔
سردی کی لہر میں بتدریج کمی واقع ہوگی تاہم آئندہ ہفتے تک بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ قبل ازیں موسمیات کے مرکز کا کہنا تھا کہ موسم سرما کا اختتام مرحلہ وار ہوگا۔
دریں اثنا شہری دفاع نے بھی موسمیاتی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ جن علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں رہنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
موسمی حالات کے حوالے سے جاری انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہراہوں پر سفر کرنے والے نشیبی علاقوں میں قیام نہ کریں نہ ہی سیلابی ریلے کی گزر گاہوں کے قریب جائیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں