Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا: سعودی سفیر

نگراں وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ 40 سال قبل سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے شاہ فیصل مسجد کا تحفہ  دیا، اب اس مسجد کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے تزئین و آرائش کی جائے گی۔
پیر کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی  کے ہمراہ شاہ فیصل مسجد کے دورے کے موقع پر نگراں وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سفیر کے ساتھ ملاقات ہوئی تو ان سے کہا کہ مسجد کی تزئین و آرائش کی ضرورت ہے تاکہ مسجد کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ’سعودی سفیر کے مشکور ہیں جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے شاہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش کرانے کا فیصلہ کیا جس کا آغاز جلد ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل مسجد کا شمار پاکستان کی خوبصورت ترین مساجد میں ہوتا ہے۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے شاہ فیصل مسجد پاکستانیوں کے لیے ایک تحفہ تھا۔ اب اس مسجد کی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا، وزارت داخلہ سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز نے شاہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش میں تعاون  کیا، مسجد  کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔‘
 

شیئر: