انڈین کرکٹ ٹیم رواں سال ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی
بنگلہ دیش آئندہ دنوں میں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی تینوں فارمیٹس میں سیریز کی میزبانی کرے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم رواں سال سمتبر کے مہینے میں ملتوی شدہ چھ میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز شامل ہیں۔ یہ سیریز دورہ اگست 2025 میں ہونا تھا تاہم دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضامندی سے اس سیریز کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اب انڈیا یکم ستمبر سے 13 ستمبر کے درمیان انڈیا بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گا۔
گذشتہ سال یہ دورہ اس وقت ملتوی ہوا جب انڈیا اور ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے سیاسی تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ 2024 میں ڈھاکہ میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں اس وقت کی وزیرِاعظم شیخ حسینہ اقتدار سے ہٹا دی گئی تھیں۔
شیخ حسینہ انڈیا فرار ہو گئیں، جہاں وہ اب تک موجود ہیں، جس کے باعث ڈھاکہ اور نئی دہلی کے تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے۔
بنگلہ دیش نے متعدد بار شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
نومبر میں انہیں طلبہ تحریک کے دوران مہلک کریک ڈاؤن کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
دوسری جانب، نئی دہلی 12 فروری کو ہونے والے آئندہ انتخابات پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ انتخابات 170 ملین آبادی والے ملک میں بغاوت کے بعد ہونے والا پہلا ووٹ ہوں گے۔
بدھ کے روز انڈیا کے وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے سابق رہنما خالدہ ضیاء کے جنازے میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا، جو شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد کسی انڈین اعلیٰ عہدیدار کا پہلا دورہ تھا۔
بنگلہ دیش آئندہ دنوں میں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی تینوں فارمیٹس میں سیریز کی میزبانی کرے گا۔
