Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کپتان نہیں حکمت عملی بدلیں،‘ پی ایس ایل 9 میں ’سیفی بھائی کا سفر تمام‘؟

پاکستان کے لوکل میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا دیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سرفراز احمد پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں ٹیم کی کپتانی نہیں کریں گے۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ٹیم کی کپتانی سے وقفہ لینا چاہتے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ شین واٹسن ٹیم منیجمنٹ سے مشاورت کے بعد نئے کپتان کا فیصلہ کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے بیٹر ریلی روسو اور پاکستانی بیٹر سعود شکیل مبینہ طور پر سرفراز کی جگہ کپتانی کیلئے دو دعویدار ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ٹیم انتظامیہ اپنے فیصلے کا اعلان بدھ کو ایک ہائی پروفائل میٹنگ کے بعد کرے گی۔
دوسری جانب گلیڈی ایٹرز کے کوچ کے فرائض انجام دینے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے پچھلے ایڈیشن میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائی تھی اور اپنے کھیلے گئے دس میچوں میں سے صرف تین فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی تھی۔
سرفراز احمد کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حیثیت سے شاندار سفر رہ چکا ہے، انہوں نے ٹیم کو تین بار ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچایا اور 2019 میں اپنا پہلا اور واحد ٹائٹل جیتنے میں بھی مدد کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 2024 میں اپنا پہلا میچ اتوارکے روز 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن پاکستان کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ میں قل چھ ٹیمیں شرکت کرتی نظر آئیں گی جس کا فائنل 18 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانی والی خبریں اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بھی  ٹرینڈ کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین اپنی آرا کا اظہار کرتے دکھائی رہے ہیں۔
ذیشان ندیم نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’سیفی بھائی کے عہد کا اختتام ہوا، وہ اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نہیں رہے۔‘

آصف خان کا کہنا تھا ’سرفراز احمد سے بہتر کپتان میری نظر میں کوئی نہیں، گلیڈی ایٹرز کو صرف اپنی حکمت عملی اور سکواڈ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، وہ اسی کپتان کے زیر سایہ کم بیک کریں گے۔‘

جنید خان نے کہا، ’ایک ممبئی انڈینز کی کپتانی سے برطرف، ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے سے برطرف۔ روہت شرما اور سرفراز دونوں 36 سال کی عمر میں۔‘

 

شیئر: