Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلومبرگ میڈیا اور ایس آر ایم جی کا جدہ میں پہلا ’پاور پلیئرز سمٹ‘

ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جمانا الراشد نے کہا ’یہ ایونٹ کھیلوں کے شعبے میں امکانات اور نئے آئیڈیاز کو اجاگر کرے گا۔‘(فائل فوٹو: جمانا الراشد، ایکس)
سعودی عرب میں پہلی بار سات مارچ کو پاور پلیئر سمٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بلوم برگ میڈیا اور سعودی ریسریچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ(ایس آر ایم جی) نے جدہ یاٹ کلب میں ہونے والے اس ایونٹ کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ فارمولا ون سعودی عربین گراں پری کا مقابلہ بھی ہو گا۔
اس سپورٹس ایونٹ کو بلومبرگ اور الشرق بزنس نے سپانسر کیا ہے۔
یہ ایونٹ کھیلوں میں کاروبار کے مؤثر سٹیک ہولڈرز، تفریح اور ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ جمع کرے گا جس سے مستقبل میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری امکانات کا اندازہ بھی لگایا جا سکے گا۔
بلومبرگ کے سپورٹس بزنس کے سربراہ جیسن کیلے کی میزبانی میں ہونے والے اس ایونٹ میں کھیلوں کے مستقبل کی نقشہ گری کرنے والے بنیادی پہلوؤں کو کھوجنے کا موقع ملے گا۔
اس دوران کھیلوں میں پرائیوٹ سرمایہ کاری، فٹبال کے کھیل کی ارتقاء پذیر صورت حال اور مینا ریجن میں اس کی ترقی پر بات چیت ہو گی۔ یہ ایونٹ ای سپورٹس کے شعبے میں مواقع میں اضافے کا باعث بنے گا۔
اس سمٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرنے والوں میں کھیلوں کی صنعت کے نمایاں نام شامل ہیں۔
تصدیق شدہ مقررین میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، میک لارن کے سی ای او زیک براؤن، ایسپورٹس ورلڈ کپ فاؤنڈیشن کے سی ای او رالف ریشرٹ، سعودی پرو لیگ کے سی او او کارلو نوہرا، فارمولا ون اکیڈمی کی منیجنگ ڈائریکٹر سوسی وولف، نیو کیسل یونائیٹڈ ایف سی کی شریک سی ای او امانڈا سٹیویلی، ای ایس ایل فاسیٹ گروہ کے شریک سی ای او، وی ایس پی او کے بانی اور سی ای او ڈینو ینگ، ڈائریکٹر آف کرکٹ گجرات ٹائٹنز وکرم سولنکی اور سی وی سی کے سینیئر منیجنگ ڈائریکٹر جیما رائٹ شامل ہیں۔
بلومبرگ میڈیا کے سی ای او کیرن سالٹسر نے کہا کہ ’جدہ میں بلومبرگ پاور پلیئرز کا افتتاحی اجلاس کاروبار، سرمایہ کاری، کھیل اور میڈیا کے شعبوں سے متعلق اہم افراد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ ایونٹ سعودی عرب کے متحرک سماجی و اقتصادی منظرنامے کے پس منظر میں بامعنی گفتگو کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں کھیلوں کو اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔‘

سمٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرنے والوں میں کھیلوں کی صنعت کے نمایاں نام شامل ہیں(فائل فوٹو: عرب نیوز)

سعودی عیسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ(ایس آر ایم جی) کی سی ای او جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’یہ اجلاس کھیلوں کے مستقبل کے بارے میں آئیڈیاز کے تبادلے اور دنیا بھر میں اس اہم فروغ پذیر صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے ایک قیمتی موقعے کی نمائندگی کرتا ہے۔‘
جمانا الراشد نے کہا کہ ’سعودی عرب گزشتہ کئی برسوں سے ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ کھیلوں کی صنعت میں جدت لانے والے اہل سٹیک ہولڈر کے طور پر ابھرا ہے۔‘
’اس سرمایہ کاری نے سیاحت، روزگار، ملک اور خطے کی پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے سعودی عرب میں بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کی میزبانی کے لیے بلومبرگ میڈیا کے ساتھ شراکت داری کی۔‘

شیئر: