Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سُپر لیگ: وہ کھلاڑی جن پر سب کی نظریں جمی ہیں

اسلام آباد یونائیٹڈ اس مرتبہ بھی ایک مضبوط سکواڈ کے ساتھ پی ایس ایل میں اترے گی۔ (فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ)
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ لیگ میں شامل تمام چھ ٹیموں نے اپنی اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
پی ایس ایل کے اس ایڈیشن کا ترانہ بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ اس مرتبہ بھی چار شہروں میں کھیلی جائے گی۔ پی ایس ایل کا آغاز آج لاہور سے جبکہ اختتام کراچی میں ہو گا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان بھی پی ایس ایل کی میزبانی کریں گے۔ 
پی ایس ایل 9 میں 41 سے زائد غیرملکی اور کئی پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔
نوجوان ایمرجنگ پلیئرز بھی سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم پلیئرز

پاکستان سپر لیگ کی دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اس مرتبہ بھی ایک مضبوط سکواڈ کے ساتھ پی ایس ایل میں اترے گی۔
ٹیم میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کا تگڑا جوڑ ہے جو مخالف ٹیموں کے لیے چیلینجنگ ثابت ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابھرتے ہوئے پلیئرز میں سٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ اور عبید شاہ شامل ہیں جو ڈومیسٹک اور انڈر 19 میں اپنی بولنگ کا جلوہ دکھا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ نوجوان قاسم اکرم بھی اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم پلیئر سمجھے جا رہے ہیں۔ قاسم اکرم پاکستان انڈر 19 اور اے ٹیم میں متاثر کن کارگردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
انجری سے واپسی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے نسیم شاہ کی بولنگ پر بھی سب کی نظریں ہوں گی۔
دوسری جانب کراچی کنگز کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بننے والے اسلام آباد کے ہی مقامی عماد وسیم کی کارگردگی بھی اہم ثابت ہو گی۔ 

کراچی کنگز کے اس بار خاص کھلاڑی کون ہیں؟

پی ایس ایل کی ٹرافی اب تک صرف ایک بار اٹھانے والی ٹیم کراچی کنگز بھی اس بار پرفارمنس دکھانے کو تیار ہے۔ کیریبیئن کنگ آل راؤنڈر کیرن پولارڈ کی کراچی کنگز میں واپسی کے کافی چرچے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ بھی کراچی کنگز کے لیے اہم کھلاڑی ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں میں کراچی کنگز کے 20 سالہ بلے باز عرفان خان پی ایس ایل میں شائقین کی توجہ اپنی طرف کھینچ سکتے ہیں۔
اس کے علاہ 18 سالہ لیفٹ آرم سپنر عرفات منہاس، 17 سالہ نوجوان بیٹر سعد بیگ اور نوجوان فاسٹ بولر میر حمزہ بھی اپنی صلاحیتیں دکھا سکتے ہیں۔
کراچی کنگز کو تجربہ کار شعیب ملک کا ساتھ بھی میسر ہے۔

لاہور قلندرز کے کون سے پلیئرز میچ کی بازی پلٹ سکتے ہیں؟

پی ایس ایل کی اب تک دو بار چیمپیئن رہنے والی ٹیم لاہور قلندرز اس بار بھی دوسری ٹیموں پر حاوی ہونے کے لیے تیار ہے۔
ویسے تو لاہور قلندرز اپنی مضبوط بولنگ لائن اپ کی وجہ سے جانی جاتی ہےمگر اس مرتبہ اُن کا بیٹنگ آرڈر بھی کسی سے کم نہیں جس میں افغانستان کے راشد خان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 
لاہور قلندرز کے نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز کے لیے میچ ونر ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کے ڈان لارنس بھی لاہور قلندرز کی بیٹنگ کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
زمبابوے کے جارحانہ مزاج بلے باز سکندر رضا بھی لاہور قلندرز کے لیے گیم چینجر سمجھے جا رہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے لیے اہم کھلاڑی

پی ایس ایل سال 2021 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز اس سیزن میں بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ ملتان سلطانز میں غیرملکی کھلاڑیوں کے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان، ڈیوڈ ولی اور جنوبی افریقہ کے ریزے ہینریکس سلطانز کے لیے میچ کا پانسہ پلٹنے والے غیرملکی پلیئرز ہیں۔
نوجوان مقامی کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں۔ طیب طاہر، عباس آفریدی اور ابھرتے ہوئے فیصل اکرم اس بار ملتان سلطانز کا سرپرائز ثابت ہو سکتے ہیں۔

پشاور زلمی کے لیے میچ وِنر پلیئرز

پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں بھی جارحانہ انداز لیے میدان میں اتر رہی ہے۔ زلمی جہاں جارحانہ بلے بازوں سے مالا مال ہے تو وہیں اُن کے پاس اچھے گیند باز بھی ہیں۔
نوجوان صائم ایوب، محمد حارث جیسے دو اٹیکنگ پلیئرز پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ انگلینڈ کے ٹام کولر کیڈ موڑ بھی اکیلے میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر عامر جمال بھی اس بار پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خاص کھلاڑی کون ہیں؟

پی ایس ایل 2019 کے سکندر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسری ٹیموں کو چاروں شانے چت کرنے کے بعد اس بار بھی تیار ہیں۔ گلیڈی ایٹرز  پی ایس ایل 2024 میں بھی ایک مضبوط کمبینیشن والی ٹیم تصور کی جا رہی ہے۔
جنوبی افریقہ کے رائلی روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹرمپ کارڈ سمجھے جا رہے ہیں۔ سری لنکا کے ٹاپ آل راؤنڈر ٹی 20 سپیشلسٹ وانندو ہاسا رنگا بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے گیم چینجر بن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مقامی نوجوان پلیئرز ابرار احمد، عادل فیاض اور خواجہ نافع بھی شائقین کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروا سکتے ہیں۔

شیئر: