Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈین کرکٹر ابھیشیک شرما کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

 انڈین کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما کو معدے کے انفیکشن کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نمیبیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
کرک انفو کے مطابق وہ امریکہ کے خلاف میچ سے قبل ہی طبیعت کی خرابی کا شکار تھے، تاہم میچ کھیلنے کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق  ابھیشیک کو تیز بخار تھا اور فوری طبی امداد کے طور پر انہیں ڈرپس لگائی گئیں۔ وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
انہیں دہلی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے خلاف میچ میں ابھیشیک پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ فیلڈنگ کے دوران بھی وہ میدان میں واپس نہیں آئے۔ ان کی جگہ سنجو سیمسن نے فیلڈنگ کی ذمہ داری نبھائی۔
انڈیا کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھیشیک کو پیٹ کے کچھ مسائل درپیش ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ دو دن میں فٹ ہو جائیں گے۔‘ تاہم بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ ’نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی شرکت فی الحال مشکوک دکھائی دیتی ہے۔‘
دوسری جانب واشنگٹن سندر نے سکواڈ کو جوائن کر لیا ہے جبکہ جسپریت بمراہ بھی وقفے کے بعد دوبارہ بولنگ کر رہے ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ اہم کھلاڑی جلد مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔

شیئر: