Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے کامیاب اُمیدواروں کے نوٹیفیکیشن معطل 

تحریک انصاف کے امیدوار شعیب شاہین اور علی بخاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا (فوٹو: اے پی پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں این اے 46, 47 اور این اے 48 سے کامیاب لیگی اُمیدواروں سے کے نوٹیفیکیشن معطل کر دیے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد کے تین حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شعیب شاہین اور علی بخاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 46 سے ن لیگی امیدوار انجم عقیل، این اے 47 سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے انار کے نشان پر آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن معطل کیے۔
آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے الیکشن میں کامیابی کے بعد ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔
دوران سماعت درخواست گزار وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ ’ہمیں تقریباً 380 فارم 45 اسی رات مل گئے تھے۔ میرا ووٹ طارق فضل کو جبکہ طارق فضل کا ووٹ مجھے ڈالا گیا۔ میں بمشکل ریٹرننگ افسر کے پاس پہنچا اور کہا کہ اگر غلطی ہے تو اسے درست کر لیں۔‘
شیعب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ ’ریٹرننگ افسر نے دبے لفظوں میں مجھے کہا کہ یہاں سے چلے جاؤ ورنہ ہم نکال دیں گے۔ رات ایک بجے تک فارم 45 جاری نہیں کیا گیا تو ہم نے دھرنا دے دیا۔‘

ن لیگ کے این اے 46 سے کامیاب قرار دیے گئے امیدوار انجم عقیل پارٹی کے کارکنوں کے ہمراہ۔ فوٹو: اے پی پی

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فارم 45 پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ’فارم 45 پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں۔ ہم نے ریٹرننگ افسر اور پھر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو درخواست بھی دی۔‘
وکیل عامر مغل نے عدالت کو بتایا کہ ’میرے موکل کے حلقے کے 343 پولنگ سٹیشنز ہیں جن کے نتائج کے مطابق عامر مغل لیڈ کررہے تھے۔ فارم 45 کے مطابق عامر مغل کے ووٹ 85 ہزار 224 جبکہ مدمقابل امیدوار انجم عقیل کے ووٹ 43 ہزار 604 ہیں۔‘
انہوں نے موقف اپنایا کہ ’فارم 47 کے مطابق میرے ووٹ 44 ہزار 317 جبکہ انجم عقیل کے ووٹ 51 ہزار 958 دکھائے گئے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے طارق فضل چوہدری،انجم عقیل خان اور راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کر دیے۔‘
دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن معطل نہ کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو امیدواروں کی درخواستیں سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

شیئر: