Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران لاہور، کراچی اور راولپنڈی کا موسم کیسا رہے گا؟

دس سے 18 مارچ تک پی ایس ایل کے فائنل سمیت آخری سات میچز سلسلہ وار کراچی کے حصے میں آئے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے شروع ہونے والے نئے سلسلے کے بعد شائقین کرکٹ میں تشویش پائی جاتی ہے کہ کیا بارش کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے میچز متاثر ہوں گے؟
بارشوں سے پی ایس ایل میچز کے متاثر ہونے کے خدشے سے قبل یہ جان لینا اہم ہے کہ پی ایس ایل کے باقی رہ جانے والے مقابلے کن شہروں میں ہوں گے؟
سنیچر 17 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے اب تک چار میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ فائنل اور سیمی فائنل سمیت 30  میچز ابھی ہونا باقی ہیں، جو راولپنڈی، ملتان، لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ملتان، لاہور اور کراچی پاکستان کے گرم ترین شہروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
گرمیوں میں ان علاقوں میں سخت گرمی جبکہ سردیوں میں موسم سرد علاقوں کی نسبت معتدل رہتا ہے۔ باقی رہ جانے والے 30 میں سے 10 میچ کراچی، چار ملتان، چھ لاہور جبکہ نو میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل کے 10 میچ کراچی، چار ملتان، چھ لاہور جبکہ نو میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)

ملتان اور لاہور میں 27 فروری تک پی ایس ایل ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کرنے والی ویب سائٹ ’آکو ویدر ڈاٹ کام‘ کے مطابق موسم خوشگوار رہے گا اور ان دنوں میں بارش یا موسم میں خرابی کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
28 فروری سے 17 مارچ تک پی ایس ایل کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں۔
مارگلہ اور مری کے یہاڑی سلسلے سے قریب واقع ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد کا موسم سردیوں میں ٹھنڈا رہتا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل نو میچز ہوں گے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)

راولپنڈی میں دو سے 10 مارچ تک پی ایس ایل  کے میچز کھیلے جانے ہیں۔
’اکو ویدر ڈاٹ کام‘ کی پیشن گوئی کے مطابق اس دوران مارچ کی تین تاریخ کو بارش کا امکان ہے لیکن اس روز کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے مابین میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دس سے 18 مارچ تک پی ایس ایل کے فائنل سمیت آخری سات میچز سلسلہ وار کراچی کے حصے میں آئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اس دوران کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے متعدد مرتبہ پی ایس ایل میچز کے بارش سے متاثر نہ ہونے سے متعلق بیانات بھی جاری کیے ہیں۔

شیئر: