Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہاتھوں میں تیل‘، مریم نواز نے عظمیٰ کاردار کا ہاتھ کیوں جھٹکا؟

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں ان کے ساتھ مسلم لیگ ن کی ایک رہنما عظمیٰ کاردار گلے مل رہی ہیں۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز گورنر ہاؤس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عظمیٰ کاردار کی نشست کے قریب آتی ہیں تو عظمیٰ اٹھ کر ان سے گلے ملتی ہیں اور اسی دوران مریم ان کا بایاں ہاتھ ہٹا کر مسکراتے ہوئے آگے بڑھ جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے کچھ دیر بعد عظمیٰ کاردار کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ اس واقعے کا پس منظر بتا رہی ہیں۔
عظمیٰ کاردار نے گاڑی میں بیٹھے ہوئے اپنی ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ابھی ایک ویڈیو کلپ دیکھا ہے، جھوٹ کی فیکٹریاں چلانے والے اسے وائرل کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صبح وہاں بیٹھ کر ناشتہ کر رہی تھی، حلوہ پوری کھا رہی تھی، پیچھے سے مریم صاحبہ آئیں، انہوں نے سلام کیا تو جذبات میں آ کر مجھے یاد ہی نہیں رہا کہ میرے ہاتھ تر ہیں۔‘
’میں اٹھ کر ان سے گلے ملی۔ پھر اچانک مجھے احساس ہوا کہ میرے ہاتھوں میں تو تیل لگا ہوا ہے۔ پھر میں نے خود ہی اپنا ہاتھ نیچے کر لیا۔ مجھے زیادہ محتاط ہونا چاہیے تھا۔‘
عظمیٰ کاردار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کی طرح کی فضول حرکتیں کرنا اب بند کر دیں۔ باز آ جائیں۔ مجھے جتنی عزت اور پیار مریم نواز صاحبہ سے ملا ہے، میں آپ کو بتا نہیں سکتی۔ آپ لوگوں کو دلی صدمہ ہے کہ مریم صاحبہ نے اسے کیسے اپنے ساتھ لگایا ہے اور پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔‘
’میں آپ کو برنال بھیج دوں گی۔ یہ میری غلطی تھی، میں بھی ان(مریم نواز) کی جگہ ہوتی تو میرا بھی یہی ری ایکشن ہوتا۔ ظاہر ہے آدمی کے کپڑے گندے ہوتے ہیں۔ خدا کے لیے یہ بند کر دیں۔ آپ کو اس کے علاوہ کام ہی کوئی نہیں ہے دنیا میں۔‘
عظمیٰ کاردار ماضی قریب میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی سرگرم رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی رہ چکی ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے کچھ عرصہ بعد وہ پی ٹی آئی سے منحرف ہو گئی تھیں۔
الیکشن 2024 میں عظمیٰ کاردار مسلم لیگ نواز کی جانب سے خواتین کی خصوصی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔

شیئر: