Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں بین الاقوامی شخصیات کی شرکت سے بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کا انعقاد

سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ اور بلومبرگ کے زیر اہتمام بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کا انعقاد جمعرات کو ہوگا۔
سعودی ٹی وی چینل ’الشرق اقتصاد‘ کے تعاون سے سمٹ کا انعقاد جدہ یاٹ کلب میں کیا جائے گا جس میں نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔
جدہ میں منعقد ہونے والا یہ ایونٹ کھیل، تفریح اور ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے موثر افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرے گا۔
ایس آر ایم جی کی سربراہ جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’یہ سمٹ کھیلوں کے مستقبل کے بارے میں خیالات کے تبادلے اور دنیا بھر میں اس اہم صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب جامع حکمت عملی کے ساتھ کھیلوں کے فروغ پر کام کر رہا ہے‘۔
’اس شعبے میں سرمایہ کاری، سیاحت، روزگار کی فراہمی اور خطے پر مثبت اثرات کے پیش نظر ہم نے سعودی عرب میں بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کی میزبانی کے لیے بلومبرگ میڈیا کے ساتھ شراکت داری کی‘۔
بلومبرگ کے بزنس آف سپورٹس کے چیف کاریسپونڈنٹ جیسن کیلی سمٹ کی میزبانی کرتے ہوئے کھیلوں کے مستقبل کو تشکیل دینے والے اہم رجحانات اور موضوعات پر بات چیت کریں گے۔
مباحثے میں کھیلوں میں سرمایہ کاری میں، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں کھیلوں کے فروغ اور نئے مواقع تلاش کرنے کے موضوعات پر بات چیت ہوگی۔
 سمٹ میں سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح 7 مارچ کو اہم خطاب کریں گے۔
ایونٹ میں 150 سے زیادہ مہمانوں کی شرکت متوقع ہے جن میں کھیلوں کی معروف کمپنیوں کےسربراہان شامل ہیں۔
 عالمی سطح پر سمٹ کی نشریات الشرق نیوز اورالشرق بزنس کے ساتھ بلومبرگ پر نشر کیا جائے گا۔

شیئر: