Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شہری ہوابازی کے شعبے میں سعودائزیشن کا دوسرا مرحلہ

  سول ایوی ایشن سے پروفیشنل سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے شہری ہوابازی کے شعبے میں سعودائزیشن کے دوسرے مرحلے کا پیر 4 مارچ سے آغاز کیا ہے جس میں پانچ سے زیادہ ملازمین رکھنے والے نجی اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق دوسرے مرحلے میں 60 فیصد فلائٹ اٹنڈنٹس اور 70 فیصد ونگ پائلٹس کی لوکلائزیشن کی جائے گی، جبکہ  سول ایوی ایشن سے پروفیشنل سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے’ دوسرے مرحلے کا آغاز وزارت مواصلات کے تعاون سے سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور مارکیٹ میں ان کی شرکت بڑھانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔‘
علاوہ ازیں وزارت نے واضح کیا کہ ’ایوی ایشن سیکٹر میں لوکلائزیشن کی نگرانی کے ساتھ نجی اداروں کو وزارت کے روزگار اور سپورٹ پروگرامز کے ذریعے مقامی افراد کو بھرتی کرنے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔‘
 وزارت کی جانب سے گائیڈ  بک جاری کی گئی ہے جس میں سعودائزیشن پروگرام اور نجی اداروں کے لیے معاون روزگار اور سپورٹ منصوبوں کی تفصیلات موجود ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے شہری ہوابازی کے چار شعبے میں سعودائزیشن کے فیصلے کے پہلے مرحلے پر بدھ 15 مارچ سے عملدرآمد کا آغاز کیا تھا۔
وزارت نے پہلے مرحلے میں جن چار شعبوں میں سعودائزیشن کا آغازکیا تھا۔ ان میں ایئر کنٹرولر، ایئرمین،  گراونڈ موومنٹ کوآرڈینیٹر اور کو پائلٹ شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں 60 فیصد سعودی پائلٹ رکھے جانے تھے۔ ایئرہوسٹس کے شعبے میں پچاس فیصد سعودائزیشن کا ہدف تھا۔

شیئر: