بالی وُڈ کی بلاک بسٹر فلم ’دھورندھر‘ نیٹ فلکس پر کب ریلیز ہو رہی ہے؟
جمعہ 9 جنوری 2026 17:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’دھورندھر‘ سنہ 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی انڈین فلم ہے (فوٹو: فلم گریب)
بالی وُڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ کی سپائی تھرلر فلم ’دھورندھر‘ پانچ دسمبر 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر تاریخ رقم کر رہی ہے۔
فلم نے نہ صرف انڈیا بلکہ عالمی سطح پر غیرمعمولی کامیابی حاصل کی اور اب شائقین بے چینی سے اس کی او ٹی ٹی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اسے گھر بیٹھ کر دیکھا جا سکے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ’دھورندھر‘ نے اپنی شاندار سنیما رن کے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے ساتھ ڈیجیٹل ریلیز ڈیل فائنل کر لی ہے۔ انڈسٹری انسائیڈرز کا کہنا ہے کہ فلم کی او ٹی ٹی ریلیز 30 جنوری 2026 کو متوقع ہے جو کہ تھیٹر ریلیز کے قریباً آٹھ ہفتے بعد بنتی ہے، تاہم فلم میکرز یا نیٹ فلکس کی جانب سے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اگر سنیما گھروں میں فلم کی مقبولیت برقرار رہی تو او ٹی ٹی ریلیز فروری کے اوائل تک مؤخر بھی ہو سکتی ہے۔ نیٹ فلکس پر ریلیز کے دوران ’دھورندھر‘ کو مختلف علاقائی زبانوں میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ناظرین فلم سے لطف اندوز ہو سکیں۔
ادیتی دھار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو ’جیو سٹوڈیوز‘ اور ’بی 62 سٹوڈیوز‘ نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں رنویر سنگھ کے ساتھ اکشے کھنہ، آر مادھون، سنجے دت، ارجن رامپال اور سارا ارجن شامل ہیں۔
باکس آفس پر تاریخ ساز کامیابی
’دھورندھر‘ اس وقت تک انڈیا کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن چکی ہے جس نے انڈین باکس آفس پر 840 کروڑ انڈین روپے سے زائد جبکہ عالمی سطح پر 12 سو 65 کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔
ادھر شائقین نہ صرف ’دھورندھر‘ کی او ٹی ٹی ریلیز کے منتظر ہیں بلکہ اس کے سیکوئل ’دھورندھر ٹو‘ کا بھی بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، جو 19 مارچ 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
