Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منتخب اشیاءپر ٹیکس کا نفاذ آج سے ہوگا

ریاض.... سعودی عرب میں منتخب اشیاءپر ٹیکس کا نفاذ آج سے ہوگا۔ زکوٰة وآمدنی بورڈ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار 16 رمضان بمطابق 11 جون سے منتخب اشیاء درآمد کرنے والی کمپنیوں پر نیا ٹیکس لاگو ہوگا۔ ٹیکس کی ادائیگی میں ہیرپھیر کرنے پر 10 لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ خلاف ورزی کی اطلاع دینے والے شخص کو جرمانہ کی رقم میں سے 2.5 فیصد انعام دیا جائے گا۔ زکوٰة و آمدنی بورڈ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تاجروں اور درآمد کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تمباکو اور اس سے تیار کردہ تمام اشیاء کے علاوہ سافٹ ڈرنکس اور انجری ڈرنکس پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ بورڈ نے ٹیکس کے نفاذ سے کافی وقت پہلے آگاہی مہم چلا کر تاجر اور صارفین کو نئے قوانین کے بارے میں آگاہ کردیا تھا۔ جن منتخب اشیاءپر ٹیکس نافذ کیا جارہا ہے انہیں درآمد کرنے والے تجارتی اداروں کو چاہیئے کہ فوری طور پر زکوٰة و آمدنی بورڈ سے اس حوالے سے رجوع کریں۔ ٹیکس کے نفاذ کے 45 دن بعد اداروں کو بورڈ کے پاس حساب کتاب جمع کرنا ہوگا۔ زکوٰة و آمدنی بورڈ کے تفتیشی اہلکاروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ منتخب اشیاءدرآمد کرنے والے تجارتی اداروں کے حسابات کا جائزہ لیں۔ تفتیشی اہلکار کسی بھی وقت اور کسی بھی ادارے کا تفتیشی دورہ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ منتخب اشیاءپر ٹیکس کے نفاذ سے سگریٹ کے 12 ریال والے پیکٹ کی قیمت 24 ریال ہوجائےگی۔ سافٹ ڈرنکس 1.5 کے بجائے 2.25 ریال میں فروخت کیا جائے گا۔ اسی طرح انرجی ڈرنکس جو 2 ریال میں فروخت ہوتا ہے وہ 4 ریال میں ہوجائے گا۔ 

شیئر: