Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پلے آف مرحلے میں گلیڈی ایٹرز اور کنگز کے چانسز کتنے؟

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف اپنا آخری میچ جیت جاتی ہے تو وہ پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کر جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے سے قبل گروپ مرحلے کے مزید پانچ میچ باقی رہ گئے ہیں۔
پی ایس ایل 9 میں اب تک 25 مقابلے ہو چکے ہیں جس کے بعد پلے آف مرحلے میں صرف ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ہی رسائی حاصل کر پائی ہیں۔
پشاور زلمی نے جمعے کو راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی 76 رنز سے شکست دے کر 11 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
اگر پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ابھی اُن کے دو میچ باقی ہیں۔
اسی طرح پشاور زلمی کی ٹیم 11 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ اُن کا ابھی ایک میچ باقی ہے۔
پی ایس ایل 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 پوائنٹس لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ یونائیٹڈ کا ابھی ایک میچ باقی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی 9 پوائنٹس ہیں لیکن نیٹ رن ریٹ کم ہونے باعث اُن کا چوتھا نمبر ہے جبکہ کوئٹہ نے مزید ابھی دو میچز کھیلنے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کا 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں اور لاہور قلندرز کا 3 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری یعنی چھٹا نمبر ہے تاہم دونوں ٹیموں نے مزید دو دو میچ کھیلنے ہیں۔
سنیچر کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ میں کراچی کنگز کو ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی ورنہ شکست کی صورت میں کراچی کنگز پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔
 

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

اگر کراچی کنگز آج لاہور قلندرز کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اُسے پیر کو بھی ہر صورت پشاور زلمی کو شکست دینا ہوگی تاہم ہار کی صورت میں کراچی کنگز کے پاس پلے آف مرحلے میں جانے کے کوئی امکانات نہیں ہوں گے۔
اسی طرح اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف اپنا آخری میچ جیت جاتی ہے تو وہ پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کر جائے گی تاہم شکست کی صورت میں اسے کراچی کنگز کے ایک میچ ہارنے کی دعا کرنی ہوگی۔
اگر کراچی کنگز اپنے دونوں میچ جیت جاتے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اپنا آخری میچ ہار جاتی ہے تو اس صورت میں کراچی کنگز پلے آف مرحلے میں پہنچ جائے گی۔
اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنے آخری دو میچز جیت جاتی ہے تو وہ آسانی سے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کر لے گی تاہم دونوں میچز ہارنے کی صورت میں اُسے کراچی کنگز کی ایک میچ میں شکست کی دعا کرنی ہوگی۔
 خیال رہے کہ لاہور قلندرز کے پاس پلے آف مرحلے میں جانے کے کوئی امکانات نہیں ہیں اور وہ پہلے ہی اس دوڑ سے باہر ہیں۔

شیئر: