Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: لاہور قلندر کی قسمت نہ جاگ سکی، ملتان سلطان کامیاب ترین ٹیم

ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ لاہور، ملتان اور کراچی کے بعد اب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل کا میلہ سجا ہوا ہے۔
میگا ایونٹ کے 21ویں میچ کے اختتام پر بھی پانچوں ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے پاس اگلے مرحلے تک رسائی کے چانسز موجود ہیں۔ ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔
ملتان سلطانز ٹورنامنٹ میں اب تک کی کامیاب ترین ٹیم ثابت
پی ایس ایل 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر اگر نظر ڈالی جائے تو اس وقت ملتان سلطانز ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔ ملتان سلطانز نے آٹھ میچز کھیل کر چھ میں کامیابی سمیٹی ہے۔
ملتان سلطانز کا نیٹ رن ریٹ بھی دوسری ٹیموں سے بہتر ہے۔ سلطانز اب تک صرف دو میچوں میں شکست کے بعد 0.967 کے نیٹ رن ریٹ اور 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں ملتان سلطانز نے ابھی دو میچز کھیلنے ہیں تاہم دونوں میچوں میں شکست بھی ملتان سلطانز کی اگلے مرحلے تک رسائی نہیں روک سکتی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوانئٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن برقرار
شین واٹسن کی کوچنگ اور رائلی روسو کی کپتانی میں اس مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی حریفوں کو ٹف ٹائم دے رہی ہے۔ گلیڈی ایٹرز نے اب تک چھ میچز کھیل کر چار جیتے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت پوانٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ کوئٹہ کے پاس آٹھ پوائنٹس ہیں جبکہ اُن کا نیٹ رن ریٹ 0.313 ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں ابھی چار مزید میچز میں دوسری ٹیموں کا سامنا کرے گی جس میں سے کم از کم دو میچز میں فتح انہیں اگلے مرحلے تک رسائی فراہم کر سکتی ہے۔

نو پوائنٹس کے ساتھ پشاور زلمی تیسری پوزیشن پر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر
ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد تیسرا نمبر بابر اعظم کی پشاور زلمی کا آتا ہے۔ زلمی اب تک آٹھ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے چار میں کامیابی اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ پشاور زلمی کا ایک میچ بارش کی نظر بھی ہوا ہے۔
پشاور زلمی 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے تاہم زلمی کا نیٹ ریٹ منفی 0.384 ہے جو اُس کی اگلے مرحلے تک رسائی مشکل بنا سکتا ہے۔
پشاور زلمی کے پاس اب پہلے مرحلے کے صرف دو میچ باقی ہیں۔ دونوں میں کامیابی اُن کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی بنا سکتی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ کی چوتھی کامیاب ٹیم 
شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ بھی پلے آف مقابلوں میں شمولیت کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔ اسلام آباد نے اب تک پی ایس ایل کے سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین میں کامیاب اور ایک میچ بارش سے متاثر ہوا تھا۔
اسلام یونائیٹڈ کے پاس اس وقت سات پوائنٹس ہیں جو اُسے ٹورنامنٹ کی چھوتی کامیاب ٹیم بنائے ہوئے ہے۔ تین میچوں میں شکست کے بعد اسلام آباد کا نیٹ رن ریٹ 0.337 ہے۔
اسلام یونائیٹڈ نے ابھی پہلے مرحلے کے تین میچ مزید کھیلنے ہیں۔ اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے اسلام آباد کو کم از کم دو میچز میں فتح حاصل کرنا لازمی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بھی پلے آف مقابلوں میں شمولیت کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کراچی کنگز کا بھی جادو اب تک نہ چل سکا 
پاکستان سپر لیگ کی سب سے بڑی فرنچائز کراچی کنگز اپنے شائقین کو اس بار بھی زیادہ خوش نہ کر سکی۔ کنگز نے اب تک چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار کا نتیجہ ان کے حق میں نہیں رہا۔
کراچی کنگز کے پاس صرف چار پوائنٹس ہیں اور ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.551 ہے اور اُن کے کے لیے اگلے مرحلے تک رسائی ایک بڑا امتحان ہے۔ تاہم بقیہ چاروں میچز جیتنے کی صورت میں کراچی کنگز بھی پلے آف مرحلے تک پہنچ سکتی ہے۔
کراچی کنگز ابھی چار اور میچوں میں مخالف ٹیموں کا مقابلہ کرے گی۔ بقیہ تمام میچ جیت کر ہی کراچی کنگز ٹرافی جیتنے کی دوڑ میں رہ سکتی ہے۔
لاہور قلندرز کی قسمت اس بار نہ جاگ سکی، پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن
پی ایس ایل کی دوسری بڑی اور مقبولیت میں نمبر ون لاہور قلندرز کے لیے سیزن 9 اچھا ثابت نہیں ہوا۔ دفاعی چیمپئن اب تک سات میچز میں سے ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
لاہور قلندرز کا ایک میچ بارش کی نظر بھی ہوا ہے۔ جس کی بدولت ہی انہیں ایک پوائنٹ مل سکا ہے۔ قلندرز کی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ بھی منفی 0.948 ہے۔ لاہور قلندرز کا اب اگلے مرحلے بقیہ تینوں میچز جیتنے اور ’اِف اور بٹس‘ پر منحصر ہے۔

شیئر: