پاکستانی سفیر اور اسرائیلی سفارت کار کا مصافحہ، اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں: دفتر خارجہ
پاکستان نے اسرائیل سے متعلق اپنی پالیسی میں کسی بھی تبدیلی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جنیوا میں پاکستانی سفیر کی اسرائیلی سفارت کار سے ملاقات محض اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے ایک رسمی کارروائی تھی، اس کا دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سے کوئی تعلق نہیں۔‘
’عرب نیوز‘ کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ ’جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب طاہر حسین اندرابی نے تخفیف اسلحہ کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے اسرائیل کے نئے نمائندے جوناتھن پیلڈ کی سفارتی اسناد وصول کی تھیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کانفرنس کی جانب سے انجام دیا گیا محض ایک رسمی عمل تھا، اس میں کوئی دوطرفہ رابطہ یا ملاقات شامل نہیں تھی اور اس کا پاکستان کے قومی مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔‘
ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی کہ ’تخفیف اسلحہ کانفرنس کے طے شدہ قواعد کے تحت نئے تعینات ہونے والے مستقل نمائندے اپنی سفارتی اسناد کانفرنس کے موجودہ صدر کو پیش کرتے ہیں۔ اسی طریقہ کار کے تحت کروشیا، آئرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے نمائندوں نے بھی اپنی اسناد پیش کیں۔‘
سجاد حیدر خان نے کہا کہ ’پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطین کے معاملے پر اس کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔‘
انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیلی فوج کی وسطی غزہ میں پیش قدمی جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 19 نومبر کو 14 دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مل کر کشیدگی ختم کرنے اور غزہ امن منصوبے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے ایران کے مطالبے کی بھی حمایت کی ہے۔ پاکستان اور ایران فلسطینی عوام کے حق میں مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔‘
