Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں امام مسجد کو تین افراد نے تشدد کر کے قتل کر دیا

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی (فوٹو: آؤٹ لُک)
انڈین ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں ایک امام مسجد کو مبینہ طور پر تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔
انڈین ویب سائٹ ’آؤٹ لُک‘ کے مطابق 30 سالہ متاثرہ شخص اتر پردیش کے رام پورہ کا رہنے والا تھا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اجمیر میں مسجد کے ایک امام کو تین نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر تشدد کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
یہ واقعہ سنیچر کو اس وقت پیش آیا جب متاثرہ محمد ماہر رام گنج کے کنچن نگر میں واقع مسجد میں چھ بچوں کے ساتھ سو رہا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر مسجد میں داخل ہوئے اور امام مسجد پر لاٹھیوں سے حملہ کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ’جب لڑکوں نے مدد کے لیے چیخنا شروع کر دیا تو نامعلوم افراد نے انہیں بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے امام مسجد کا موبائل فون بھی چھین لیا تاکہ بچے مدد کے لیے فون نہ کر سکیں۔‘
قتل کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ بچے مسجد سے باہر آئے اور اپنے پڑوسیوں کو واقعے کی اطلاع دی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
مذکورہ رپورٹ میں ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’قتل کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہی ہے۔‘
اہلکار نے مزید کہا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شیئر: