Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیدل چلنے والوں کا الیکٹرک کاروں سے ٹکرانے کا زیادہ خدشہ

الیکٹرک گاڑیوں کی آواز بہت کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کے ساتھ زیادہ حادثات پیش آتے ہیں۔ فوٹو: فری پک
ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیدل چلنے والوں کا پیٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں الیکٹرک یا ہائبرڈ کارز سے ٹکرائے جانے کا دگنا امکان ہے۔
امریکی ٹیلی ویژن چینل سکائی نیوز نے ایک جرنل میں شائع ہونے والی سٹڈی کا حوالہ دیا ہے جس میں برطانیہ میں 2013 سے 2017 کے درمیان ہونے والے روڈ حادثات کا جائزہ لیا گیا۔
محقیقین کے مطابق ان کی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ پیدل چلنے والوں کا ہائبرڈ گاڑیوں سے ٹکرائے جانے کا دگنا امکان ہے جبکہ دیہی علاقوں کے مقابلوں میں شہری علاقوں میں تین گنا زیادہ امکان ہے۔
محقیقین نے 2013 سے 2017 کے درمیان 9 لاکھ 67 ہزار 13 حادثات پر مشتمل ڈیٹا کا جائزہ لیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ دس کروڑ میل کے سفر پر حادثوں کی سالانہ اوسطاً شرح ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے 5.16 ہے جبکہ پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے 2.40 ہے۔
ریسرچ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ روڈ ٹریفک حادثے بچوں اور نوجوانوں کی موت کی ایک بڑی وجہ ہیں اور چار میں سے ایک حادثہ پیدل چلنے والوں کے ساتھ پیش آتا ہے۔
محقیقین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اس لیے بھی پیدل چلنے والوں کے لیے خطرہ ہیں کیونکہ ان کی زیادہ آواز نہیں ہوتی اور بالخصوص شہروں کے ارد گرد کے شور میں ان کی آواز بالکل دب جاتی ہے۔
ریسرچ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نوجوان اور کم تجربہ کار ڈرائیوروں کے ان حادثات کا باعث بننے کا زیادہ امکان ہے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ ان کے استعمال میں الیکٹرک کارز ہوں گی۔
ریسرچ کے نتائج میں کہا گیا ہے کہ تحقیق کا مقصد چہل قدمی یا سائیکلنگ جیسی صحت مندانہ سرگرمی کی حوصلہ شکنی نہیں ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے الیکٹرک اور ہائبرڈ کارز سے جڑے خطرات کی طرف توجہ دلانا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے ریسرچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیق 2013 سے 2017 کے ڈیٹا پر مبنی ہے اور ہم تمام گاڑیوں کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، یہی وجہ ہے کہ نئی الیکٹرک کارز میں ساؤنڈ جنریٹرز کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

شیئر: