Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس آئی ایف سی ریڈلائن، کراس کرنے کی کوشش نہ کی جائے: عطا تارڑ

عطا تارڑ نے بجٹ پیش کرنے کے اعلان پر خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے حالیہ بیانات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان کی ریڈلائن ہے، کوئی اس کو کراس کرنے کی کوشش نہ کرے۔
جمعے کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے نام لیے بغیر بجٹ پیش کرنے کے اعلان پر علی امین گنڈاپور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اعلان سے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
’ایسا تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ کوئی صوبہ پہلے بجٹ پیش کرنے جا رہا ہے، ماضی میں ہمیشہ صوبے بعد میں بجٹ پیش کرتے رہے ہیں۔‘
انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ وفاق نے ایسٹیمیٹ دینا ہوتے ہیں کہ صوبوں کو کتنا بجٹ جانا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے مگر وہ لوگ جنہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھے وہ ایس آئی ایف سی پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پر تنقید کریں، حکومت پر کریں مگر معشیت ڈبونے کے لیے جو حرکات و سکنات شروع کی ہیں قوم ان کو دیکھ رہی ہے۔‘
انہوں نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے متحدہ عرب امارات کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس روز 10 ارب ڈالر مختص کیے گئے اسی روز ہی آئی ایس ایف سی کے خلاف مہم شروع کی گئی۔
 انہوں نے ایس آئی ایس ایف سی کو پاکستان کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کو نشانہ بنانے والوں کو اس کے سپیلنگ بھی معلوم نہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں معیشت کی بحالی بالخصوص ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت اور فوج کے تعاون سے 17 جون 2023 کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

شیئر: