Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم

عالمی برادری ہر طرح کی جارحیت کو روکنے کےلیے ذمہ داریاں نبھائے۔(فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے عالمی عدالت انصاف ( آئی جے سی) کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اسرائیل کو رفح میں فوجی حملے یا دیگر جارحانہ کارروائی فوری طور پر روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ’ سعودی عرب نےعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو سراہا اور اسے فلسطینی عوام کے اخلاقی اور قانونی حق کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا‘۔
بیان میں سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری پر پھر زور دیا کہ’ وہ فلسطینی عوام کے خلاف ہر طرح کی جارحیت کو روکنے کےلیے اپنی ذمہ داریاں نبھائے‘۔
یاد رہے کہ دی ہیگ میں قائم عدالت نے جمعے کو 2-13 کی اکثریت سے سناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اسرائیل فی الفور رفح بارڈر کراسنگ کو بھی کھولے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ رفح میں اسرائیل کے فوجی آپریشن سے فلسطینیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
عدالت کے مطابق رفح میں لاکھوں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی، رفح میں اسرائیل فوج کے زمینی آپریشن سے 8 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے۔
عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے نے تیزی سے تنہا ہوتے اسرائیل پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے کہ وہ حماس کے خلاف غزہ میں جاری جنگ کو روکے۔  
 عالمی عدالت کے ججوں کے 15 رکنی پینل کی جانب سے غزہ میں ہلاکتیں روکنے اور وہاں لوگوں کی مشکلات کم کرنے سے متعلق رواں برس تیسری مرتبہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔  

شیئر: