Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رائل نیچر ریزرو میں نایاب نسل کے شترمرغ کی افزائش میں فروغ

موسم بہار میں سرخ گردن والے شتر مرغ کے 12 انڈوں میں سے تین بچے نکلے تھے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے حال ہی میں سرخ گردن والے شتر مرغ کے انڈوں سے تین بچے نکلنے کے بعد ریزرو میں نایاب نسل کے پرندے کی افزائش کے فروغ کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت میں معدوم سمجھے جانے والے سرخ گردن والے شتر مرغ کی نسل کو فروغ مملکت کے شاہی ریزرو کے افزائش نسل پروگرام کی کامیابی کو نمایاں کرتا ہے۔
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں2021 کے آخر میں شتر مرغ کی نسل کو دوبارہ متعارف کروانے کی سکیم  کے آغاز میں ایک مادہ اور ایک نر شتر مرغ کے لیے مسکن بنایا گیا۔
نایاب شتر مرغ کے جوڑے نے جلد ہی اس مسکن کو اپنا لیا تھا اور 2024 کے موسم بہار میں سرخ گردن والے شتر مرغ کے 12 انڈوں میں سے تین بچے پیدا ہوئے ہیں۔
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو خطرات سے دوچار جنگلی حیات کی تعداد میں اضافہ اور افزائش کا موزوں ماحول فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔
رائل ریزرو میں جنگلی حیات کو قدرتی ماحول کے مطابق زندہ رکھنے کے لیے عربی النسل ہرن اور سرخ گردن والے شتر مرغ کے علاوہ دیگر نایاب جانوروں کی افزائش کے لیے مسکن اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی گئی ہیں۔

نیچر ریزرو میں ایک مادہ اور ایک نر شتر مرغ کے لیے مسکن بنایا گیا۔ فوٹو عرب نیوز

امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچرل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں آپریشنز کے ایگزیکٹیو نائب صدر عبدالمجید الدھابان نے بتایا ہے کہ شمالی افریقی شتر مرغ جنہیں سرخ گردن والے شتر مرغ بھی کہا جاتا ہے اس نایاب جانور کی نسل کو اس وقت انتہائی خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔
شتر مرغ کی نایاب نسل کو قدرتی ماحول کی غیر موجودگی، اس کے شکار اور انڈے جمع کرنے سے خطرات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے گذشتہ 100 سال سے موجود اس نسل کی افزائش میں ڈرامائی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔

عربی النسل ہرن اور دیگر نایاب جانوروں کے لی محفوظ پناہ گاہیں قائم ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

عبدالمجید الدھابان نے بتایا کہ امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ریزرو پر مارچ میں پولٹری فارمنگ کے جدید ترین مرکز کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز بھی کیا ہے۔
 

شیئر: