Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست گجرات کے پارک میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی

پولیس تفریحی پارک کے مالک کے خلاف مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی انڈین ریاست گجرات کے ایک تفریحی پارک میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔
خبر رساں اداروں اے پی اور اے ایف پی کے مطابق پارک میں آگ لگنے سے کئی بچے بھی جان سے گئے۔
راجکوٹ کے ضلعی کلکٹر پربھو جوشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’آتشزدگی میں 24 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر بچے تھے۔ دیگر چھ بچوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔‘
پولیس کمشنر راجو بھارگوا نے کہا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پولیس افسر ونایک پٹیل کے مطابق لاشوں کی شناخت کرنا مشکل ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے پولیس افسر ونایک پٹیل کے حوالے سے کہا ہے کہ ’اب تک ہم نے 27 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ مرنے والوں میں 12 سال سے کم عمر کے چار بچے بھی شامل ہیں۔‘
پولیس نے تفریحی پارک کے مالک اور منیجر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
راجکوٹ کے محکمہ فائر بریگیڈ کے افسر الیش کھیر نے صحافیوں کو بتایا کہ جب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تو اس وقت دو منزلہ پارک میں 300 سے زیادہ افراد موجود تھے۔  
انہوں نے کہا کہ ’لوگ پھنس گئے تھے کیونکہ داخلی دروازے کے قریب عمارت کا ایک عارضی ڈھانچہ گر گیا، جس سے لوگوں کا باہر نکلنا مشکل ہو گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آتش گیر مادے کی وجہ سے آگ کے شعلے تیزی سے پھیلے۔

پولیس افسر ونایک پٹیل کے مطابق لاشوں کی شناخت کرنا مشکل ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آج کل انڈیا میں گرمیوں کی چھٹیاں ہیں اور بچے اپنے والدین سمیت پارک کا رخ کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر فائٹرز منہدم جستی چادر کی چھت کے ڈھانچے کے ارد گرد ملبہ صاف کر رہے ہیں۔
پولیس تفریحی پارک کے مالک یوراج سنگھ سولنکی کے خلاف مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کرے گی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے راجکوٹ واقعے پر افسوس اور ہمدری کا اظہار کیا ہے۔
انڈیا میں آتشزدگی کے واقعات عام ہیں جہاں بلدڑز اور رہائشی علاقوں کے مکین اکثر قانون و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

شیئر: