Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل میپ پر بھروسہ، کیرالہ میں سیاحوں کی گاڑی پانی میں جا گری

گزشتہ برس کیرالہ میں کار میں سوار دو ڈاکٹر گوگل میپ پرچلتے ہوئے کار سمیت دریا میں گر کر ہلاک ہوگئے تھے (فوٹو: انڈین میڈیا)
انڈیا کی ریاست کیرالہ میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے جہاں حیدرآباد سے آنے والے سیاحوں کی گاڑی گوگل میپ کا استعمال کرتے ہوئے ضلع کوٹیام کے علاقے میں سڑک پر موجود سیلابی پانی میں جا گری۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی صبح کیرالہ کے ضلع کوٹیام کے علاقے کُرُوپنتھارا میں پیش آیا جہاں حیدرآباد سے آنے والے سیاح اپنی ایس یو وی گاڑی کے ساتھ سڑک پر موجود سیلانی پانی میں جا گرے۔
یہ سیاح حیدرآباد سے الاوپُوزا جا رہے تھے۔ گاڑی میں تین مرد اور ایک خاتون سوار تھے جنہیں پولیس اور مقامی افراد نے ریسکیو کیا۔
خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی بھی جانی نقصان نہ ہوا تاہم گاڑی مکمل طور پر پانی میں بہہ گئی جسے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد نکالا گیا۔
جس سڑک پر سیاح سفر کر رہے تھے وہ کیرالہ میں ہونے والی بارشوں کے باعث سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی تھی تاہم ڈرائیور نے رُوٹ چیک کیے بغیر گوگل میپ پر بھروسہ کیا اور گاڑی سیدھا پانی میں لے گئے۔
خیال رہے کہ رواں برس ریاست تمل ناڈو کے علاقے گودالُور میں کرناٹک سے واپس آنے والے دوستوں کے گروپ نے گوگل میپ کو فالو کرتے ہوئے گاڑی روڈ کے ساتھ آبادی کی طرف جاتی ہوئیں سیڑھیوں پر چڑھا دی تھی۔
ایک ایسا ہی واقعہ گزشتہ برس کیرالہ میں پیش آیا تھا جہاں کار میں سوار دو ڈاکٹر گوگل میپ پرچلتے ہوئے کار سمیت دریا میں گر کر ہلاک ہوگئے تھے۔

شیئر: