Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کا پارٹی صدر بننا شہباز شریف پر عدم اعتماد ہے: خورشید شاہ

پی پی پی کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پارٹی کا بانی اور سرپرست بن کر بیٹھنا چاہیے تھا۔ (فائل فوٹو: ڈان ٹی وی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا پارٹی صدر بننا شہباز شریف کے اوپر عدم اعتماد ہے۔
 ڈان نیوز کے پروگرام دوسرا رخ میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اگر شہباز شریف پر اعتماد نہیں تو مریم نواز کو صدر بنانا چاہیے لیکن نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا صدر نہیں بننا چاہیے۔
’میں نواز شریف کا ہمیشہ خیر خواہ رہا ہوں، اگر انہوں نے پارٹی صدر کا عہدہ سنبھالا تو شکوک و شبہات بڑھیں گے کہ نواز شریف نے بھائی سے سیٹ کیوں واپس لی۔‘
پی پی پی کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پارٹی کا بانی اور سرپرست بن کر بیٹھنا چاہیے تھا۔
’انہیں مشورہ ہے کہ وہ چیئرمین بن جائیں، وہ کیا بیانیہ دیں گے کہ شہباز شریف کی وجہ سے پارٹی کمزور ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجانا چاہیے اور اگر حکومت نے انہیں توسیع دی تو پیپلز پارٹی اس کی مخالفت کرے گی۔
سینیئر سیاستدان نے کہا کہ حکومت نے تاحال ہم سے قاضی فائز عیسی کو توسیع دینے کی بات نہیں کی، چیف جسٹس کو توسیع دینا اچھا فیصلہ نہیں ہوگا، یہ کھیل نہیں کھیلنے چاہئیں۔

شیئر: