Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں تین آپریشنز میں 23 دہشت گرد ہلاک، سات فوجی اہلکار بھی جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق ’شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے صوبہ خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کے خلاف تین آپریشنز میں سات فوجی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 23 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے 26 سے 27 مئی تک صوبہ خیبر پختونخوا میں تین مختلف آپریشنز میں 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔‘
’26 مئی کو ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں خفیہ معلومات کی بنا پر کیے گئے ایک آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور ان کی کئی پناہ گاہیں تباہ کر دی گئیں۔ اس آپریشن میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔‘
بیان کے مطابق ’27 مئی کو ضلع ٹانک میں ایک آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے سات دیشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔‘
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

شیئر: