Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیروتفریح کے لیے سویڈن جانے والے دو پاکستانی نوجوان ’جھیل میں ڈوب کر‘ ہلاک

ریسکیو عملے نے دونوں پاکستانی نوجوانوں کی لاشیں نکال لی ہیں (فائل فوٹو)
کراچی سے سیر و تفریح کے لیے سویڈن جانے والے دو نوجوان سٹاک ہوم کی ایک مقامی جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ 
سویڈن میں مقیم صحافی حسن عباس نے اُردو نیوز کو بتایا کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی مقامی جھیل سے ریسکیو عملے نے دونوں پاکستانی نوجوانوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔
ریسکیو عملے کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔
سویڈن میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے نوجوان عارف زیدی کے بھائی خالق زیدی کے مطابق انہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو سے معلوم ہوا کہ سویڈن میں دو نوجوان ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ویڈیو دیکھنے کے بعد انہوں نے اپنے بھائی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ وقت گزرنے کے بعد انہیں اطلاع ملی کہ جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے نوجوانوں میں ایک ان کا بھائی بھی شامل ہے۔  عارف زیدی بتایا کہ ان کے بھائی عارف سویڈن میں مقیم تھا اور گذشتہ ہفتے دوستوں کے ساتھ سیر و تفریحی کے لیے جھیل کنارے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا عارف کی دو چھوٹی بیٹیاں ہیں جو اپنے باپ کو بہت یاد کررہی ہیں۔ سویڈن انتظامیہ کا کہنا ہے ان کے بھائی کا جسد خاکی قانونی تقاضے پورے کرنے بعد ہی پاکستان روانہ کی جاسکے گی۔
’بہت مشکل وقت گزارنے کے بعد اب کچھ امید تھی کہ حالات بہتر ہوں گے تو یہ خبر سننے کو ملی ہے۔‘
صحافی حسن عباس کے مطابق ریسکیو عملے نے دو نوجوانوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لعنشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔

شیئر: