عالمی یوم انسداد منشیات پر سعودی عرب کا واضح پیغام
دنیا کے متعدد ممالک کو منشیات کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اشیا کی سمگلنگ اور فنانسگ میں ملوث افراد سے نمنٹے کےلیے اپنی مہم کو دگنا کردیا ہے۔
نیشنل سینٹر فار سکیورٹی آپریشنز کے کمناڈر کرنل عمر بن عایدہ الطلحی نے کہا کہ ’اس اقدام کا مقصد منشیات کا انسداد اور معاشرے اور نوجوانوں کو اس کے اثرات سے بچانا ہے‘۔
علاوہ ازیں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نے کہا ہے کہ منشیات کے سمگلرز اور فروخت کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جاتی، سیکیورٹی ادارے کسی بھی صورت میں ملک کے جوانوں کو اس لعنت کا شکار ہونے نہیں دیں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جنرل البسامی نے 26 جون کو عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر کہا کہ مملکت کی اعلی قیادت منشیات کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کیے ہوئے ہے۔
اعلی قیادت کی جانب سے منشیات فروشی کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لیے تمام آپریشنز کی براہ راست نگرانی کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات وہ زہر ہے جو انسانی عقل کو ماوف کردیتا ہے۔ دنیا کے متعدد ممالک کو اس کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔ منشیات وہ لعنت ہے جو مختلف جرائم کے لیے دروازے کا کام کرتا ہے اس سے نہ صرف ذہنی خلفشار پیدا ہوتا ہے بلکہ معاشی طورپر بھی یہ ہلاکت کا باعث ہے۔
جنرل البسامی نے منشیات سمگلنگ اور اسے رائج کرنے کے خاتمے حوالے سے کہا اس خطرے سے نمٹنے کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کیے جائیں تاکہ عالمی سطح پر اس سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔