جدہ : بندرگاہ پرمنشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام ، 2 افراد گرفتار
جدہ : بندرگاہ پرمنشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام ، 2 افراد گرفتار
پیر 1 جولائی 2024 15:08
کسٹم اور انسداد منشیات کی مشترکہ ٹیموں نے بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ لاکھوں نشہ آور گولیاں مشنری کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں۔
سبق نیوز کے مطابق کسٹم اہلکاروں نے بیرون ملک سے آنے والی ایک شپمنٹ میں موجود بھاری مشنری کا جدید آلات سے جائزہ لینے پر انکشاف ہوا کہ اس میں موجود خفیہ خانوں میں کچھ چھپایا گیا ہے۔
کسٹم اہلکاروں نے مشنری میں بنائے گئے خفیہ خانوں کو توڑا جس میں چھپائی گئی نشہ آور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد ہوئیں۔
محکمہ کسٹم کی جانب سے منشیات درآمد کرنے والوں کی گرفتاری کےلیے کیس ادارہ انسداد منشیات کے حوالےکردیا جنہوں نے نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لے کر انکے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔
محکمہ کسٹم کا کہنا تھا کہ ضبط کی جانے والی نشہ آور گولیوں کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 33 ہزار 978 تھی جسے انتہائی مہارت سے ہیوی مشنری کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔