غیرقانونی حجاج کو روکنے کے لیے سمارٹ سسٹم منصوبہ زیر غور
اسمارٹ کیمرے عازمین کی عمارتوں اور مختلف مقامات پرلگائے جائیں گے(فوٹو، ایس پی اے)
غیرقانونی حجاج کی مشاعر مقدسہ میں آمد کو روکنے کے لیے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی پروگرام نافذ کرنے پرغور کیا جا رہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق حجاج کی تعداد کو کنٹرول اور منظم کرنے کےلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کےلیے معروف کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو عازمین حج کے مملکت پہنچتے ہی انکی شناخت اور ڈیٹا محفوظ کرنے کے ساتھ انکے رہائش امور کی بھی معلومات اپ ڈیٹ رکھنے کی اہلیت رکھتی ہو۔
جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اسمارٹ کیمروں کے ذریعے حجاج کی نقل و حرکت اور انکے بارے میں مکمل معلومات محفوظ کی جائیں گی ۔
عازمین کو ایسے اسمارٹ کارڈز فراہم کی جائیں گے جن پر انکی مکمل معلومات موجود ہوں گی ۔
اس ضمن میں وزارت حج کی جانب سے جو شرائط رکھی گئی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ فراہم کی جانے والی ٹیکنالوجی استعمال میں آسان ہو اور وہ دیگر سسٹم کے ساتھ باسانی ضم ہو کر بہتر طورپر کام کرسکیں ۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مجوزہ سسٹم کو مکہ مکرمہ شہر کے داخلی اورخارجی راستوں کے علاوہ مشاعر مقدسہ ، ایئرپورٹس ، حرمین شریفین کے دروازوں اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں حجاج کی رہائشی عمارتوں میں نصب کیا جائے تاکہ نگرانی کا عمل جامع انداز میں کیا جاسکے۔