Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ: موسلادھار بارش سے نہروں میں شگاف، کئی دیہات زیرِآب

سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نہروں میں شگاف پڑنے سے کئی دیہاتوں میں پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ فصلیں زیرِآب آ گئی ہیں۔
مون سون کی شدید بارشوں کے باعث پاکستانی حکام نے سنیچر کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا تھا۔ 
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا تھا کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اتوار کو مسلسل بارش کی وجہ سے ٹنڈو آدم کے قریب روھڑی کینال میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے زرعی زمین زیرآب آ گئی۔ قریبی گاؤں عالم ڈیرو میں مقیم درجنوں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔
سانگھڑ میں آٹھ  دیہاتوں میں بارش کا پانی داخل ہو چکا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زیرِآب آنے والے گوٹھوں میں گوٹھ عالم ڈیرو، جڑیو ڈیرو، کریم ڈنو کوری، اللہ ڈنو کوری، قاسم کوری، لونگ لاشاری، شاہ محمد ڈیرو اور حادی بخش ڈیرو شامل ہیں۔
بھٹ شاہ کے قریب روہڑی کینال میں موسلادھار بارش سے پانی کے بہاؤ میں تیزی کی وجہ سے 70 فٹ گہرا چوڑا پڑ گیا جس کی وجہ سے ایک طرف ہزاروں ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی۔
دوسری جانب قریبی دیہات میں پانی داخل ہونے سے 100 سے زائد مکانات پانی میں بہہ گئے ہیں۔

بھٹ شاہ کے قریب روہڑی کینال میں موسلادھار بارش سے پانی کے بہاؤ میں تیزی کی وجہ سے 70 فٹ گہرا چوڑا پڑ گیا (فوٹو: اُردو نیوز)

جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے گاؤں لال محمد کے قریب موسلادھار بارش کے باعث بیگاری کینال میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے سینکڑوں ایکڑ پر کاشت کی گئی دھان کی فصلیں زیر آب آ گئیں۔
اُدھر کوٹ ڈیجی کے پہاڑی سلسلے سے نکلنے والے پانی کے ریلے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں کرٹی بند ٹوٹ گیا۔ یونین کونسل نصیر فقیر جلالانی کے کئی دیہات ڈوب گئے جبکہ 100 ایکڑ سے زائد زرعی زمین سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی۔
سیلابی ریلے کی وجہ سے کوٹ ڈیجی میں 50 سے زائد دیہی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
ٹنڈو آدم ٹو مائینر سے نکلنی والی چھوٹی نہر کو دڑو ساند کے قریب شگاف پڑ گیا جس سے گنّے کی فصل، کیلے کے باغات اور کپاس کی فصل زیرِآب آ گئی جبکہ کجھور کی تیار فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
گمبٹ میں 24 گھنٹے سے وقفے وقفے سے کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

شیئر: