Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا میں بارشیں اور سیلاب، دو دن میں 19 ہلاکتیں

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے باعث حادثات کے نتیجے میں گذشتہ دو دن کے دوران 19 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا پرووینشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بدھ کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں چار مرد، چار خواتین اور 11 بچے جبکہ زخمیوں میں چھ  مرد، تین خواتین اور چھ بچے شامل ہیں۔
تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 61 گھر متاثر ہوئے جن میں سے 37 گھروں کو جزوی اور 24 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جانی و مالی حادثات کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں رونما ہوئے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشینری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق 31 جولائی تک مزید مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ہے۔
جبکہ خلیج بنگال سے مون سون کا سلسلہ  ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں 3 اگست تک برقرار رہے گا۔

شیئر: