فیکٹ چیک: وزیراعظم ہاؤس میں سوئمنگ پوُل اور بیڈ کی تصاویر کی کیا حقیقت ہے؟
فیکٹ چیک: وزیراعظم ہاؤس میں سوئمنگ پوُل اور بیڈ کی تصاویر کی کیا حقیقت ہے؟
منگل 6 اگست 2024 11:54
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے طلبہ کے احتجاج کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ مستعفی ہوگئی ہیں اور ملک سے روانہ ہوچکی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو مظاہرین کی بڑی تعداد نے جب دارالحکومت ڈھاکہ میں حسینہ واجد کے محل کا رخ کیا تو اس کے کچھ وقت بعد ان کے ملک چھوڑ جانے کی خبریں نشر ہونا شروع ہو گئیں۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم استعفیٰ دے چکی ہیں، ہم عبوری حکومت بنائیں گے۔‘
اس تمام صورتحال کے دوران جہاں دنیا بھر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بنگلہ دیش کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر ہو رہی ہیں وہیں ایک واقعہ سب کی توجہ کا مرکز بنا جس میں بنگلہ دیشی مظاہرین شیخ حسینہ کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود چیزیں اٹھا کر لے گئے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں دو خاص تصاویر ایسی ہیں جو کافی وائرل ہوئیں مگر ان کا تعلق بنگلہ دیش سے نہیں ہے۔
ایک تصویر میں لوگوں کو بنگلہ دیش کے وزیراعظم ہاؤس کے سوئمنگ پوُل میں نہاتے دکھایا گیا تو دوسری تصویر میں یہ دکھایا گیا کہ مظاہرین شیخ حسینہ کے کمرے میں موجود بیڈ پر آرام کر رہے ہیں۔
اردو نیوز نے ان تصاویر کو گوگل لینز پر موجود ’ایمج سرچ‘ کے ذریعے تلاش کیا تو سرچ میں آنے والے نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ تصاویر 2022 میں سری لنکا میں احتجاجی مظاہروں کے دوران لی گئی تھیں۔
سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران کے درمیان سری لنکا کے سابق صدر گوتابایا راجا پاکسے کی سرکاری رہائش گاہ میں مظاہرین داخل ہوئے تھے اور صورتحال ویسی ہی تھی جو گزشتہ روز بنگلہ دیش میں تھی۔
جولائی 2022 میں سری لنکا کے صدر بڑھتے احتجاجی مظاہروں کے بعد مستعفی ہو کر ملک سے چلے گئے تھے جس کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوئے تھے۔
اس واقعے کی تصاویر برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے اپنی خبر میں شائع کی تھیں۔
دوسری جانب اگر اس بات کا ذکر کیا جائے کہ بنگلہ دیشی مظاہرین شیخ حسینہ واجد کے کمرے بھی داخل ہو کر بیڈ پر آرام کر رہے تھے تو اس کی اصل ویڈیو مختلف ہے۔